Time 28 جولائی ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

آغاز میں مقبولیت کے ریکارڈ بنانے والی ایپ تھریڈز کے صارفین کی تعداد اب کتنی ہوگئی ہے؟

ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / اے ایف پی فوٹو
ایک رپورٹ میں اس بارے میں بتایا گیا / اے ایف پی فوٹو

میٹا کی ٹوئٹر کے مقابلے پر متعارف کرائی جانے والی نئی ایپ تھریڈز نے آغاز میں مقبولیت کا ریکارڈ بنا دیا تھا اور محض 5 دن میں اس کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔

اتنے کم وقت میں 10 کروڑ صارفین بنانے کا ریکارڈ تھریڈز نے اپنے نام کیا تھا مگر اب یہ تعداد کتنی ہو چکی ہے؟

ایک نئی رپورٹ کے مطابق میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے کمپنی کے افراد کو بتایا کہ تھریڈز اپنے 50 فیصد سے زیادہ صارفین سے محروم ہو چکی ہے۔

یعنی تھریڈز کو صارفین کو برقرار رکھنے میں مشکلات کا سامنا ہو رہا ہے۔

مارک زکربرگ نے بتایا کہ یقیناً اگر 10 کروڑ سے زائد افراد ایپ کے رکن بن جائیں تو مثالی صورتحال اس وقت ہوتی ہے جب وہ سب یا ان میں سے نصف برقرار رہیں، مگر ہم ابھی تک ایسا نہیں کر سکے۔

انہوں نے کہا کہ ایپ استعمال کرنے والوں کی تعداد میں کمی کو وہ نارمل سمجھتے ہیں اور تھریڈز میں نئے فیچرز کے اضافے سے حالات بہتر ہو جائیں گے۔

رپورٹ کے مطابق میٹا کے چیف پراڈکٹ آفیسر کرس کوس نے اس موقع پر بتایا کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کو ایپ پر برقرار رکھنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ بار بار تھریڈز پر واپس آسکیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ انسٹاگرام ایپ استعمال کرنے والے اہم تھریڈز میسجز کو بھی دیکھ سکیں۔

اس سے عندیہ ملتا ہے کہ انسٹاگرام اور تھریڈز کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔

کچھ دن قبل انسٹاگرام کے سربراہ ایڈم موسیری نے کہا تھا کہ تھریڈز میں متعدد ایسے فیچرز کا اضافہ کیا جائے گا جن کی کمی صارفین محسوس کرتے ہیں جیسے ٹرینڈنگ ٹاپکس، ہیش ٹیگز، ٹرانسلیشن اور دیگر۔

خیال رہے کہ تھریڈز کو اس وقت متعارف کرایا گیا تھا جب ایلون مسک نے ٹوئٹر صارفین کے لیے روزانہ ٹوئٹس دیکھنے کی حد مقرر کر دی تھی جس کے باعث صارفین نے متبادل پلیٹ فارمز کی تلاش شروع کر دی تھی۔

میٹا کو توقع ہے کہ تھریڈز میں مزید فیچرز کے اضافے سے ٹوئٹر کے نام اور لوگو کی تبدیلی سے ناخوش صارفین کو اپنی جانب کھینچنے میں مدد ملے گی۔

مزید خبریں :