26 جولائی ، 2023
میٹا نے تھریڈز ایپ کے لیے وہ فیچر متعارف کرا دیا ہے جس کا صارفین کی جانب سے سب سے زیادہ مطالبہ کیا جا رہا تھا۔
میٹا کے چیف ایگزیکٹو مارک زکربرگ نے اعلان کیا ہے کہ تھریڈز میں فالوونگ فیڈ کے فیچر کو متعارف کرایا جا رہا ہے۔
اس فیڈ میں صرف ان افراد کی پوسٹس نظر آئیں گی جن کو صارف فالو کر رہے ہوں گے۔
اس تبدیلی کے بعد اب تھریڈز میں ٹوئٹر کی طرح 2 فیڈز فار یو اور فالوونگ نظر آئیں گی۔
فار یو فیڈ میں الگورتھم سسٹم صارف کی ممکنہ دلچسپیوں کو مدنظر رکھ کر مواد دکھانے کا کام کرے گا۔
کمپنی کے مطابق صارفین فار یو اور فالوونگ فیڈز کو تھریڈز آئیکون پر کلک کرکے ہائیڈ بھی کر سکتے ہیں۔
آئی او ایس اور اینڈرائیڈ صارفین کی تھریڈز ایپ میں یہ اضافہ بتدریج کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ مزید چند فیچرز بھی متعارف کرائے گئے ہیں۔
تھریڈز میں ٹرانسلیشنز فیچر کا اضافہ بھی کیا گیا ہے جس کے ذریعے مختلف زبانوں کی پوسٹس کا ترجمہ دیکھنا ممکن ہوگا۔
خیال رہے کہ تھریڈز کو 5 جولائی کو متعارف کرایا گیا تھا اور 5 دن میں اس کے صارفین کی تعداد 10 کروڑ تک پہنچ گئی تھی۔
مگر ایک حالیہ رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ٹوئٹر کے مقابلے پر پیش کی جانے والی اس ایپ میں لوگوں کی دلچسپی میں کمی آرہی ہے۔
گزشتہ دنوں تھریڈز کو روزانہ استعمال کرنے والے افراد کی تعداد ایک کروڑ 30 لاکھ تک پہنچ گئی تھی جو 7 جولائی کے مقابلے میں 70 فیصد کم ہے۔