31 جولائی ، 2023
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں ویڈیو اسکینڈل کا ذمے دار کون ہے؟ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے سرکاری انکوائری پر تحفظات کا اظہار کردیا۔
طارق بشیر چیمہ نے سیاسی مخالفین پر بدنام کرنے کا الزام بھی لگایا اور تحقیقات کے لیے ہائیکورٹ کے ججز پر مشتمل کمیشن بنانے کا مطالبہ کردیا۔
طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ بیٹے کے ساتھ ہر انکوائری کمیٹی میں شامل ہونے کو تیار ہوں ، بیٹے میں ایسا کوئی عیب ثابت ہوجائے تو خود اسے گھر سے نکال دوں گا۔
دوسری جانب نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا کہ یونیورسٹی اسکینڈل کی تحقیقات مکمل ہوگئی ہیں ، ذمے داروں کو سخت سزا ملے گی ، جوڈیشل انکوائری کی ضرورت ہوئی تو وہ بھی کریں گے ۔
اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور اسکینڈل کیا ہے؟
خیال رہےکہ گزشتہ دنوں اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور میں مبینہ طور پر منشیات اور ممنوعہ ادویات سمیت دیگر غیرقانونی کاموں کا معاملہ سامنے آیا تھا۔
پولیس نے یونیورسٹی کے چیف سکیورٹی آفیسر اعجاز شاہ کو چند روز قبل جبکہ ڈائریکٹر فنانس محمد ابوبکر کو گزشتہ ماہ گرفتار کیا تھا، ملزمان سے کرسٹل آئس اور ممنوعہ جنسی ادویات برآمد ہوئی تھیں۔
افسران کے موبائل فون کا فرانزک مکمل کرکے سیل فونز کی ویڈیوز، چیٹس، تصاویر سے متعلق جامع رپورٹ وزیراعلیٰ پنجاب کو بھیج دی گئی ہے جبکہ وائس چانسلر نے آئی جی پنجاب کو خط لکھ کر مقدمات کو جھوٹا قرار دے دیاہے۔
دوسری جانب یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اطہر محبوب نے آئی جی پنجاب پولیس کے نام خط لکھ کر افسران کے خلاف مقدمے کو جھوٹا قرار دیا ہے۔
وائس چانسلر کا کہنا ہےکہ معاملےکی شفاف تحقیقات کے لیے اعلیٰ افسران پر مشتمل تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دی جائے، یونیورسٹی کی ترقی سے خائف لوگ یونیورسٹی کو بدنام کرنےکے درپے ہیں۔
ڈاکٹر اطہر محبوب کا آئی جی پنجاب کے نام خط میں کہنا تھا کہ یونیورسٹی میں کسی قسم کا کوئی غیر قانونی کام نہیں ہوتا۔