Time 02 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

ایکس (ٹوئٹر) نے بلیو ٹک چھپانے کا آپشن ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو فراہم کر دیا

اب آپ ایکس بلیو ٹک دوسروں کی نظر سے چھپا سکتے ہیں / رائٹرز فوٹو
اب آپ ایکس بلیو ٹک دوسروں کی نظر سے چھپا سکتے ہیں / رائٹرز فوٹو

سوشل میڈیا کمپنی ایکس (جس کا پرانا نام ٹوئٹر تھا) نے ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین کو بلیو ٹک چھپانے کا آپشن فراہم کر دیا ہے۔

ایلون مسک کی زیر ملکیت کمپنی نے 2022 کے آخر میں ٹوئٹر بلیو سبسکرپشن پروگرام کو متعارف کرایا تھا، جس میں ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک کی سہولت صارفین کو فراہم کی گئی تھی۔

اب اس سبسکرپشن پروگرام کا نام ایکس بلیو رکھ دیا گیا ہے اور چند تبدیلیاں بھی کی گئی ہیں۔

ایکس بلیو کے ہیلپ پیج کے مطابق ماہانہ فیس ادا کرنے والے صارفین اپنا بلیو ٹک چھپا سکتے ہیں، جس کے بعد وہ پروفائل اور پوسٹس میں نظر نہیں آئے گا۔

البتہ اکاؤنٹ ویریفائیڈ ہونے کی یہ نشانی کچھ جگہوں پر ظاہر ہو سکتی ہے، جبکہ اسے چھپانے پر کچھ فیچرز تک رسائی بھی ختم ہو سکتی ہے۔

کمپنی کی جانب سے یہ واضح نہیں کیا گیا کہ کونسے فیچرز تک رسائی بلیو ٹک چھپانے پر ختم ہو سکتی ہے۔

یہ بھی واضح نہیں کہ آخر صارفین کو بلیو ٹک چھپانے کا آپشن کیوں دیا جا رہا ہے۔

یہ آپشن اکاؤنٹ سیٹنگز کے Profile customization سیکشن میں موجود ہے۔

اس فیچر پر مارچ 2023 سے کام کیا جا رہا تھا اور اس وقت سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ایک صارف نے اس کی نشاندہی ایک ٹوئٹ میں کی تھی۔

خیال رہے کہ اپریل 2023 میں کمپنی کی جانب سے ماضی میں اکاؤنٹس کو دستیاب مفت بلیو ٹکس ختم کیے گئے تھے۔

ایکس بلیو کے صارفین کو 25 ہزار حروف پر مبنی پوسٹس تحریر کرنے، 3 گھنٹے طویل ویڈیو اپ لوڈ کرنے اور دیگر خصوصی فیچرز تک رسائی حاصل ہے۔

دوسری جانب سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو ری برانڈ کرنے کے عمل کے دوران ٹوئٹ ڈیک کا نام بھی تبدیل کرکے ایکس پرو کر دیا گیا ہے۔

مزید خبریں :