03 اگست ، 2023
کراچی: کورنگی بھٹائی کالونی میں نامعلوم ملزم نے گھر میں گھس کر رنگ اور پالش کا کام کرنے والے مزدور کو گلہ کاٹ کر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی میں گھر میں چھری کے وار سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا جس کی شناخت 41 سالہ مبشر اقبال کے نام سے ہوئی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول رنگ اور پالش کا کام کرتا ہے، مقتول مبشر 3 بچوں کا باپ ہےاور محنت مزدوری کرتا تھا، مقتول بھٹائی کالونی میں اپنے بھائی مظفر کے ساتھ ایک ہی مکان میں رہتا تھا۔
مقتول کے بھائی نے بتایا کہ میں اپنے کمرے میں موبائل فون استعمال کر رہا تھا، مجھے گھر میں اچانک بھابھی کی شور کی آواز سنائی دی جس کے بعد کمرے میں پہنچا تو مبشر خون میں لت پت پڑا ہوا تھا۔
مقتول کے بھائی کا کہنا تھا کہ ہماری کسی سے کوئی دشمنی نہیں، ہم زیادہ تر گھر میں ہی رہتے تھے۔