03 اگست ، 2023
روس نے دعویٰ کیا ہےکہ یوکرین نے ماسکو میں 6 ڈرون حملے کیے جنہیں ناکام بنادیا گیا۔
روسی وزارت دفاع نے جمعرات کو جاری بیان میں کہا کہ 'بدھ کی رات یوکرین کی جانب سے ’دہشتگردانہ حملہ‘ کرنے کی کوشش کی جسے ناکام بنادیا گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اس حملے میں کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی۔
دوسری جانب یوکرین نے تاحال اس مبینہ حملے پر کوئی تبصرہ نہیں کیا اور نہ ہی کوئی بیان جاری کیا۔
اس سے قبل روس نے یوکرین پر منگل کو ماسکو پر تین ڈرون حملے کرنے کا الزام عائد کیا تھا جس کے بعد یوکرین کے ایک صدارتی مشیر نے ردعمل میں کہا کہ یہ حملے اس بات کی علامت ہیں کہ روسی دارالحکومت 'مکمل جنگ کا عادی' ہوتا جا رہا ہے۔
حالیہ دنوں میں روسی حملوں میں زخمی اور ہلاک ہونے والے یوکرینی شہری
یوکرین کے حکام نے جمعرات کو بتایا کہ روس کی جانب سے یوکرین کے شہر زاپروژیا میں 20 سے زائد بستیوں کو نشانہ بنایا گیا اور اس پر مسلسل گولہ باری کے نتیجے میں ایک 58 سالہ خاتون ہلاک ہوئیں۔
اس کے علاوہ یوکرین کے شہر کھیرسن میں روسی حملوں کے نتیجے میں ایک 74 سالہ شخص شدید زخمی ہوا جسے ابتدائی طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق کھیرسن شہر، جسے گزشتہ سال نومبر میں یوکرین نے روس کے قبضے سے آزاد کرایا تھا، روسی افواج کی طرف سے دریائے ڈنیپر پر وقفے وقفے سے گولہ باری کی جاتی ہے۔
یوکرین کی فضائیہ نے جمعرات کو بتایا کہ کیف اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں رات بھر میں تین گھنٹے کے فضائی حملے کے الرٹ کے دوران 20 سے زیادہ روسی ڈرونز کو تباہ کر دیا گیا۔