04 اگست ، 2023
اسلام آباد: عدالت نے دو مقدمات میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی عبوری ضمانتوں میں توسیع کردی۔
اسلام آباد کی عدالت نے 190 ملین پاؤنڈ اسکینڈل اور توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اوران کی اہلیہ کی عبوری ضمانت میں توسیع کی۔
عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانت میں 5 اگست تک توسیع کی ہے۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توشہ خانہ نیب انکوائری کیس میں حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرلی۔
احتساب عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 5 اگست کو پیش ہونے کی ہدایت جاری کی ہے۔
سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس سے متعلق اپیلیں نمٹا دیں
سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف توشہ خانہ سے متعلق اپیلیں نمٹا دیں۔
سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ ٹرائل کورٹ ہائیکورٹ کے حتمی فیصلے تک توشہ خانہ کیس کا فیصلہ نہیں کر سکتی۔
توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کی توشہ خانہ کیس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے توشہ خانہ کیس سے متعلق دائر 8 اپیلوں پر فیصلہ سنا دیا ہے جس میں توشہ خانہ فوجداری کارروائی کا کیس قابل سماعت قرار دینے کا سیشن کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے دیا گیا ہے۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا ہے کہ سیشن کورٹ فریقین کو دوبارہ سن کر کیس کے قابل سماعت ہونے کا فیصلہ کرے۔