Time 07 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

بھارت کے چندریان 3 مشن نے چاند کی اولین تصاویر جاری کر دیں

یہ تصویر چندریان 3 نے کھینچی / فوٹو بشکریہ اسرو
یہ تصویر چندریان 3 نے کھینچی / فوٹو بشکریہ اسرو

بھارتی اسپیس ایجنسی کی جانب سے چندریان 3 مشن کی جانب سے چاند کی کھینچی جانے والی اولین تصاویر جاری کر دی گئی ہیں۔

چندریان مشن چاند کے مدار میں 5 اگست کو داخل ہوا تھا اور ان تصاویر میں چاند کی سطح کو دکھایا گیا ہے۔

خیال رہے کہ چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا اور یہ 23 اگست کو چاند کی سطح پر اترے گا۔

چندریان مشن ایک لینڈر، روور اور propulsion موڈیول پر مشتمل ہے جو چاند کے جنوبی قطب میں اترنے کی کوشش کرے گا۔

اگر وہ اس کوشش میں کامیاب ہوتا ہے تو بھارت چاند کے جنوبی قطب میں مشن اتارنے والا پہلا ملک بن جائے گا۔

اب تک امریکا، چین اور روس چاند پر مختلف مشنز کامیابی سے اتار چکے ہیں مگر اب تک جنوبی قطب میں لینڈنگ کی کوشش نہیں کی گئی۔

چندریان مشن لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوا۔

یہ بھارت کی جانب سے چاند پر اترنے کی 4 برسوں کے دوران دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 2019 میں چندریان 2 مشن کو ناکامی کا سامنا ہو چکا ہے۔

خیال رہے کہ چاند کی سطح پر اترنا کافی مشکل مرحلہ ہوتا ہے اور بیشتر اسپیس مشنز کو ناکامی کا سامنا ہو چکا ہے۔

مزید خبریں :