08 اگست ، 2023
ویسے تو متعدد کمپنیاں اسمارٹ فونز تیار کرتی ہیں مگر ایپل کے آئی فونز کو سب سے زیادہ خاص سمجھا جاتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ ہر سال دنیا میں افراد نئے آئی فونز کا بے صبری سے انتظار کرتے ہیں۔
اس سال آئی فون 15 سیریز کو متعارف کرایا جائے گا اور اب اس کی ممکنہ تاریخ رونمائی سامنے آگئی ہے۔
بلومبرگ کی ایک رپورٹ کے مطابق ایپل کے نئے آئی فونز 12 یا 13 ستمبر کو ایک ایونٹ کے دوران متعارف کرائے جائیں گے۔
ایپل کی جانب سے عموماً ستمبر کے کسی منگل یا بدھ کو نئے آئی فونز پیش کیے جاتے ہیں، جیسے گزشتہ سال آئی فون 14 کو 7 ستمبر بروز بدھ کو پیش کیا گیا۔
اسی طرح آئی فون 13 سیریز کو 13 ستمبر 2021 بروز منگل متعارف کرایا گیا۔
اس سال نئے آئی فونز 12 ستمبر (منگل) یا 13 ستمبر (بدھ) کو پیش کیے جائیں گے اور مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے صارفین انہیں 22 ستمبر کو خرید سکیں گے۔
آئی فون 15 سیریز 4 ماڈلز پر مشتمل ہوگی۔
آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا جائے گا۔
اس سال آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے ڈسپلے میں آئی لینڈ ڈیزائن کو اپنایا جائے گا۔
2022 میں صرف آئی فون 14 پرو اور 14 پرو میکس میں آئی لینڈ ڈیزائن فرنٹ کیمرے کے لیے استعمال کیا گیا تھا جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں نوچ ڈیزائن موجود تھا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ بھی دی جائے گی، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔
اس وقت آئی فون کو لائٹننگ کیبل سے چارج کیا جاتا ہے جبکہ اینڈرائیڈ کے لیے اب زیادہ تر فونز میں یو ایس بی سی پورٹ کو چارجنگ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔
یہ 11 سال بعد پہلی بار ہوگا جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی جائے گی۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 15 پرو ماڈلز کی قیمتوں میں اضافے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔
2019 سے کمپنی کی جانب سے پرو ماڈل کو 999 ڈالرز جبکہ پرو میکس ماڈل کو 1099 ڈالرز میں فروخت کیا جا رہا ہے مگر اب اس قیمت کو بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
کچھ عرصے قبل ایک لیک میں بتایا گیا تھا کہ آئی فون 15 پرو میکس کے فرنٹ ڈسپلے میں بیزل اس وقت دستیاب تمام اسمارٹ فونز کے مقابلے میں سب سے کم ہوں گے۔
آئی فون 15 پرو میکس میں بیزل کا حجم محض 0.06 انچ ہوگا۔