Time 08 اگست ، 2023
انٹرٹینمنٹ

اداکار حسن احمد نے اہلیہ سنیتا مارشل کی تبدیلی مذہب سے متعلق خاموشی توڑ دی

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار حسن احمد نے اپنی اہلیہ اداکارہ سنیتا مارشل کے تبدیلی مذہب سے متعلق باتوں پر خاموشی توڑ دی ہے۔

انٹرنیٹ پر گردش کرتے حسن احمد کے ایک انٹرویو کلپ میں اداکار نے دوسرے مذہب کی خاتون سے شادی کرنے پر خود پر ہونے والی تنقید پر بھی بات کی۔

انہوں نے کہا کہ میں تنقید کرنے والوں سے پوچھتا ہوں کہ چلیں آپ کو میرا دوسرے مذہب کی خاتون سے شادی کرنا پسند نہیں آیا لیکن کیا اس بات پر آپ کو مجھے برا بھلا کہنے کا حق مل جاتا ہے؟

اپنے انٹرویو میں اداکار حسن احمد نے کہا کہ ان کی بھی دلی خواہش ہے کہ ان کی اہلیہ اسلام قبول کر لیں لیکن مذہب کی تبدیلی کا فیصلہ ان کے دل کا فیصلہ ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ مذہب کی تبدیلی کیلئے اچھے اور متاثرکن کردار کی زیادہ ضرورت ہے، میں ایک باعمل مسلمان ہوں اور میرا کردار انہیں مذہب تبدیل کرنے یا نہ کرنے کیلئے متاثر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ ہر چیز کا ایک وقت ہوتا ہے اور ایک دم سے کچھ بھی نہیں ہوتا اس کیلئے وقت درکار ہوتا ہے۔

یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل نامور ماڈل و اداکارہ سنیتا مارشل سے دوران شو مذہب تبدیل کرنے کے حوالے سے کیے جانے والے سوالات پر یوٹیوبر نادر علی کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

پوڈ کاسٹ میں نادر نے سنیتا مارشل سے انتہائی ذاتی نوعیت کے سوال کر ڈالے، پہلے انہوں نے بچوں کے مذہب سے متعلق پوچھا اورپھر سنیتا سے مذہب تبدیل کرنے کا سوال کرلیا۔

جواباً سنیتا نے کہا کہ فی الحال ان کا اسلام قبول کرنے کا کوئی ارادہ نہیں، نہ ان پر سسرال کی جانب سے کسی قسم کا دباؤ ہے۔

پوڈ کاسٹ کے دوران نادرعلی نے مسلسل اس قسم کے سوالات کا سلسلہ جاری رکھا جس کے باعث اداکارہ انتہائی غیر آرام دہ صورتحال میں نظر آئیں تاہم سوشل میڈیا پر اس صورتحال کو اچھے سے ہینڈل کرنے پر سنیتا مارشل کی تعریفیں کی گئی تھیں۔

یاد رہے کہ حسن احمد اور اداکارہ سنیتا مارشل کی شادی کو 15 سال مکمل ہوگئے ہیں اور  ان کے دو بچے بھی ہیں۔

مزید خبریں :