Time 09 اگست ، 2023
صحت و سائنس

بیشتر افراد کی پسندیدہ وہ چیز جو جگر کے امراض کا شکار بنا سکتی ہے

یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو
یہ بات ایک نئی طبی تحقیق میں سامنے آئی / فائل فوٹو

موجودہ عہد کے بیشتر افراد کی پسندیدہ ایک چیز جگر کے دائمی امراض کا شکار بنا سکتی ہے۔

یہ انتباہ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

Brigham and Women's Hospital کی اس تحقیق میں بتایا گیا کہ میٹھے مشروبات جیسے سافٹ ڈرنکس کا روزانہ استعمال جگر کے دائمی امراض اور جگر کے کینسر سے موت کا خطرہ بڑھا دیتا ہے۔

اس تحقیق میں چینی سے بنے میٹھے مشروبات، مصنوعی مٹھاس پر مبنی مشروبات اور جگر کے کینسر یا جگر کے دائمی امراض سے موت کے درمیان تعلق کی جانچ پڑتال کی گئی تھی۔

اس تحقیق میں درمیانی عمر کی ایک لاکھ کے قریب خواتین کو شامل کیا گیا تھا جن سے معلوم کیا گیا کہ وہ کتنی مقدار میں میٹھے مشروبات کا استعمال کرتی ہیں۔

ان خواتین کی صحت کا جائزہ 20 سال سے زائد عرصے تک لیا گیا اور اس دوران جگر کے کینسر یا جگر کے دائمی امراض کے کیسز اور اموات کو بھی دیکھا گیا۔

نتائج سے معلوم ہوا کہ روزانہ ایک یا اس سے زائد بار میٹھے مشروبات کا استعمال کرنے سے جگر کے کینسر سے موت کا خطرہ 85 فیصد جبکہ جگر کے دائمی امراض سے موت کا خطرہ 68 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ یہ میٹھے مشروبات اور جگر کے امراض سے موت کے درمیان تعلق پر ہونے والی پہلی تحقیق ہے۔

انہوں نے تسلیم کیا کہ تحقیق کچھ حوالوں سے محدود تھی اور اسی وجہ سے نتائج کی تصدیق کے لیے مزید تحقیق کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ نتائج کی حتمی تصدیق ہوئی تو اس سے جگر کے امراض کی روک تھام کے لیے حکمت عملی مرتب کرنے میں مدد مل سکے گی۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل JAMA میں شائع ہوئے۔

مزید خبریں :