10 اگست ، 2023
کراچی: ہائیکورٹ نے سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتیوں سے روک دیا۔
سندھ ہائیکورٹ نے ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے 140 سے زائد محکموں میں سندھ حکومت کی بھرتیوں کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔
ایم کیو ایم کی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سندھ حکومت قانونی تقاضے پورے کیے بغیر بھرتیاں کررہی ہے اور صوبائی حکومت کی جانب سے من پسند افراد کو نوکریوں سے نوازا جارہا ہے۔
درخواست گزار میں کہا گیا کہ سندھ حکومت کی مدت 11 اگست 2023 کو ختم ہورہی ہے اور ان کا یہ عمل الیکشن سے قبل دھاندلی کے زمرے میں آتا ہے۔
عدالت نے درخواست پر سماعت کے بعد سندھ حکومت کے مختلف محکموں میں بھرتیوں کے سلسلے کو روک دیا اور ملازمتوں سے متعلق جاری مختلف اشتہارات کو بھی معطل کردیا۔
عدالت نے سندھ حکومت اور دیگر کو 30 اگست کے لیے نوٹس بھی جاری کردیے۔