Time 10 اگست ، 2023
صحت و سائنس

رات کو سوتے وقت پسینہ آنے کی کیا وجہ ہے؟ اس سے بچنے کے طریقے جانیں

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

رات کو پسینہ آنا کئی وجوہات کے سبب ہوسکتا ہے، اور ان میں سے بہت سی زیادہ سنگین نہیں ہوتی، جیسے کہ جب جسم بہت زیادہ گرم ہوجاتا ہے یا ہارمونز میں اتار چڑھاؤ ہو، تب اکثر پسینہ آتا ہے۔

رات کو پسینہ آنا کوئی معمولی بات نہیں، یہ اس پر منحصر ہے کہ آپ کس طرح سورہے ہیں یا سونے سے قبل آپ نے کھانے میں کیا کھایا، اگر معمولی پسینہ آئے تو گھبرانے والی کوئی بات نہیں لیکن اگر آپ کو اتنا پسینہ آتا ہے کہ صبح آپ باقاعدگی سے گیلے پاجامے اور گیلے بستر کے ساتھ بیدار ہوتے ہیں، تو یہ یقیناً ایک بنیادی طبی مسئلہ ہو سکتا ہے۔

آئیے رات کے پسینے کی ممکنہ وجوہات جانتے ہیں اور اس سے محفوظ رہنے کی کچھ تجاویز بھی جان لیں۔

رات کو پسینہ آنے کی وجہ کیا ہے؟

بہت زیادہ پسینے کے اخراج کی 2 اقسام ہوتی ہیں، ایک پرائمری hyperhidrosis جس کی کوئی واضح طبی وجہ نہیں ہوتی۔

دوسری قسم سیکنڈری hyperhidrosis ہے، جو کسی بیماری جیسے ذیابیطس، ہارمونز میں آنے والی تبدیلیوں یا ادویات کے استعمال کا نتیجہ ہوتی ہے۔

یہ دیکھنے کی ضرورت ہوتی ہے کہ سوتے وقت یا سونے سے قبل آپ کا لائف اسٹائل کیسا رہا۔ 

* ورزش کے بعد فوراً سوجانے سے رات کے وقت پسینہ آتا ہے۔

* رات کے کھانے میں بہت زیادہ مرچ مصالحوں کا استعمال بھی رات میں پسینے کی وجہ بن سکتا ہے۔

* اگر آپ کو کسی قسم کا تناؤ یا ٹینشن ہے تو بھی رات سوتے وقت پسینے کا اخراج ہوسکتا ہے، لیکن یہ پسینہ جسم کو ٹھنڈا کرنے کے لیے خارج نہیں ہوتا بلکہ مشکل حالات سے لڑنے کے لیے جسمانی تیاری کے ردعمل کا نتیجہ ہوتا ہے۔

* کچھ افراد جن ادویات کا استعمال کرتے ہیں ، اس کے اثرات میں بھی پسینہ بہت زیادہ آسکتا ہے۔ سکون آور ادویات، ذیابیطس کی ادویات اور ہارمون تھراپی سمیت متعدد اقسام کی ادویات کے استعمال سے سیکنڈری hyperhidrosis کا سامنا ہوتا ہے۔

* دل کے ورم، ہڈیوں اور  تپ دق (ٹی بی) کے انفیکشن جیسے امراض کے باعث بھی بہت زیادہ پسینہ بہنے لگتا ہے۔

اس سے بچنے کیلئے کیا کرنا چاہیے؟

اگر آپ کو روزانہ کی بنیاد پر رات کو سوتے وقت پسینہ آتا ہے تو اس مسئلے سے بچنے کے لیے آپ ان چند تجاویز پر عمل کرسکتے ہیں۔

* کوشش کریں رات سوتے وقت اپنے کمرے کا درجہ حرارت بہتر کریں، کوئی کھڑکی ہے تو اسے کھول دیں۔

* اپنے بستر کی چادر نرم اور ہلکی بچھائیں اور جو کپڑے آپ پہنتے ہیں وہ بھی ہلکے ہوں۔

*سونے سے ٹھیک پہلے جسمانی سرگرمی رات میں پسینے میں اضافے کا باعث بن سکتی ہے، اسی لیے ورزش کے وقت کو تبدیل کریں اور سونے سے بالکل پہلے نہ کریں۔

*سونے سے پہلے مصالحہ دار کھانے، سگریٹ پینے سے پرہیز کریں۔

رات کے پسینے کے بارے میں کب فکر مند ہونا چاہیے اور ڈاکٹر کو کب دکھانا چاہیے؟

اگر آپ کو صرف رات کو کبھی کبھار پسینہ آتا ہے اور وہ آپ کی نیند کو متاثر نہیں کرتا تو پریشانی والی کوئی بات نہیں لیکن اگر ایسا پسینہ آئے جس سے آپ کی آنکھ کھل جائے یا آپ کو پریشانی ہو، پھر ڈاکٹر کو ضرور چیک کروالیں۔

کچھ ممکنہ سنگین علامات:

* وزن میں تیزی سے کمی

* جسم میں درد

* سردی لگنا اور بخار

* معدے میں جلن،  کھانسی

نوٹ: یہ مضمون طبی جریدوں میں شائع تفصیلات پر مبنی ہے، قارئین اس حوالے سے اپنے معالج سے بھی ضرور مشورہ کریں۔

مزید خبریں :