Time 10 اگست ، 2023
کھیل

ورلڈکپ: 'کینیا سے بھلے ہار جائیں لیکن پاکستان سے نہیں ہارنا'

اگلے 2 ماہ میں کم از کم 5 بار پاک بھارت ٹاکرا ممکن ہے__فوٹو: فائل
اگلے 2 ماہ میں کم از کم 5 بار پاک بھارت ٹاکرا ممکن ہے__فوٹو: فائل

بھارت کے سابق اسپنر انیل کمبلے نے اپنے وقت میں ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے دباؤ سے متعلق اظہارِ خیال کیا ہے۔

اس سے قبل بھارتی کرکٹ ٹیم کے سینئر کھلاڑی شیکھر دھون نے بھی ایک پروگرام کے دوران ٹیم میں پائے جانے والے عام خیال سے متعلق انکشاف کیا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ٹیم میں ہمیشہ یہ خیال پایا جاتا ہے کہ ورلڈکپ چاہے ہار جاؤ لیکن پاکستان سے نہ ہارنا۔

اب انیل کمبلے نے بھی ایک تقریب کے دوران اس حوالے سے گفتگو کی اور کہا ہمارے زمانے میں یہ الفاظ عام تھے کہ 'کینیا سے بھلے ہاریں لیکن پاکستان سے نہیں'۔ 

انہوں نے کہا کہ اُس وقت کھلاڑیوں پر حد سے زیادہ دباؤ ہوتا تھا، اب بھی ہوتا ہے لیکن اس وقت کرکٹرز پر سب کچھ منحصر تھا۔

واضح رہے کہ اگلے 2 ماہ میں کم از کم 5 بار پاک بھارت ٹاکرا ممکن ہے، ایشیا کپ کے سُپر فور مرحلے میں پہنچنے کی صورت میں 2 بار یقینی طور پر پاک بھارت مقابلہ ہوگا جب کہ تیسری مرتبہ فائنل میں بھی پاک بھارت میچ ممکن ہے۔

اس کے علاوہ ورلڈکپ کے گروپ مرحلے میں بھی پاک بھارت میچ شیڈول ہے جب کہ ناک آؤٹ مرحلے میں بھی دونوں ٹیموں کا آپس میں مقابلہ ممکن ہے۔

اکتوبر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے ترمیم شدہ حتمی شیڈول جاری کیا ہے، پاکستان اور بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو ہونیوالا میچ اب احمد آباد میں ہی 14 اکتوبر کو ہوگا جب کہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ یہ میچ پہلے 12 اکتوبر کو ہونا تھا۔

کولکتہ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ اب 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :