Time 13 اگست ، 2023
کھیل

بھارت میں ورلڈکپ جیتنے کیلئے ذہنی طور پر مضبوط رہنا ہوگا: شاداب خان

بھارت میں ہمیں شائقین کی سپورٹ حاصل نہیں ہوگی لہٰذا ہمیں ذہنی طور پر خود کو بہت زیادہ مضبوط رکھنا ہوگا: آل راؤنڈر شاداب خان/فوٹوفائل
 بھارت میں ہمیں شائقین کی سپورٹ حاصل نہیں ہوگی لہٰذا ہمیں ذہنی طور پر خود کو بہت زیادہ مضبوط رکھنا ہوگا: آل راؤنڈر شاداب خان/فوٹوفائل 

پاکستان کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان کا کہنا ہے کہ بھارت میں ورلڈکپ جیتنا سونے پہ سہاگہ جیسا ہوگا۔

حال ہی میں ایک ڈیجیٹل انٹرویو کے دوران شاداب خان نے بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ اور اس دوران کھلاڑیوں کی ذہنی مضبوطی کی اہمیت پر بات کی۔

شاداب خان کا کہنا تھا کہ کسی بھی کھلاڑی کیلئے اپنے ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے ورلڈکپ کھیلنا ایک فخریہ لمحہ ہوتا ہے، میں اس سے پہلے بھارت کبھی نہیں گیا اور ہم میں سے بہت سے کھلاڑی ایسے ہیں جو اس سے پہلے بھارت نہیں گئے ہوں گے لیکن ابھی ٹیم فائنل نہیں کی گئی تو کچھ نہیں کہا جاسکتا ہے کہ کون سے کھلاڑی جائیں گے اور کون سے نہیں۔

آل راؤنڈر نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا لیکن ہمیں اندازہ ہے کہ بھارت میں ہمیں شائقین کی سپورٹ حاصل نہیں ہوگی لہٰذا ہمیں ذہنی طور پر خود کو بہت زیادہ مضبوط رکھنا ہوگا، اور جو ہمارے پلیئرز  ہیں ان کیلئے کہا جاسکتا ہے کہ وہ سب ذہنی طور پر مضبوط ہیں۔

انھوں نے مزید کہا بھارت میں ورلڈ کپ جیتناسونے پہ سہاگہ جیسا ہوگا،  کیوں کہ یقینی طور پر جو ٹیم بھی بھارت ورلڈکپ کھیلنے آئے گی وہ ٹورنامنٹ جیتنے کے لیے آئے گی لیکن اہم بات یہ ہے کہ آپ بطور ٹیم ہر ٹیم کیخلاف کیسے کھیلتے ہیں؟ یہ تمام ٹیموں کے لیے ایک بہترین موقع ہے۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ 2023 کا آغاز بھارت میں5  اکتوبر سے ہوگا، اکتوبر میں ہونے والے کرکٹ ورلڈ کپ کیلئے آئی سی سی نے ترمیم شدہ حتمی شیڈول جاری کر دیا ہے،  پاکستان اور  بھارت کے درمیان 15 اکتوبر کو  ہونیوالا میچ اب احمد آباد میں ہی 14 اکتوبر کو ہوگا جب کہ پاکستان اور سری لنکا کا میچ 12 کے بجائے 10 اکتوبر کو کھیلا جائے گا، کولکتہ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان میچ اب 11 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :