Time 10 اگست ، 2023
کھیل

سہواگ کی ورلڈکپ سیمی فائنلسٹ ٹیموں سے متعلق پیشگوئی، وجوہات بھی بتا دیں

ورلڈکپ کا میلہ 5 اکتوبر سے بھارت میں سجے گا/فوٹوفائل
ورلڈکپ کا میلہ 5 اکتوبر سے بھارت میں سجے گا/فوٹوفائل

 سابق بھارتی کرکٹر وریندر سہواگ نے ورلڈکپ 2023 کے سیمی فائنل کیلئے اپنی ممکنہ چار ٹیموں کے نام بتا دیے۔

بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران وریندر سہواگ  نے ورلڈکپ سیمی فائنل کیلئے بھارت کے علاوہ تین دیگر ٹیموں کے نام لیے۔

بھارت کے سابق اوپننگ بیٹر کا کہنا تھا کہ اگر مجھ سے پوچھا جائے تو میں ورلڈکپ سیمی فائنلسٹ ٹیموں کے لیے آسٹریلیا، انگلینڈ، پاکستان اور بھارت کا نام لوں گا۔

وریندر سہواگ کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا اور  انگلینڈ جس قسم کی کرکٹ کھیل رہے ہیں میرے نزدیک یہ دونوں ٹیمیں لازمی طور پر سیمی فائنل کھیلیں گی، دونوں ٹیمیں غیر روایتی کرکٹ کھیلتی ہیں اور اس طرز کی کرکٹ میں دونوں ٹیموں کے پاس اچھا تجربہ موجود ہے۔ اس کے علاوہ آسٹریلیا اور انگلینڈ جیسی ٹیموں کی برصغیر میں پرفارمنس بھی اچھی رہی  ہے۔

سابق بھارتی کرکٹر  نے بھارتی ٹیم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کپتان روہت شرما کی لیڈر شپ،  بہترین بولنگ اور بیٹنگ ملاپ کے بعد بھارتی ٹیم  ورلڈکپ کے سیمی فائنلسٹ کے طور پر ایک مضبوط ٹیم ہے، ورلڈکپ میزبانی کو مد نظر رکھتے ہوئے  مقامی کنڈیشنز بھی بھارتی ٹیم کے لیے سود مند ثابت ہوں گی۔

پاکستان ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ آئی سی سی ایونٹس کیلئے گرین شرٹس اپنے جذبے اور مسلسل اچھی کارکردگی کے باعث مضبوط ٹیم ہے، بابر اعظم کی قیادت میں پاکستان ٹیم  نے محدود اوورز  کی کرکٹ میں نمایاں کامیابیاں سمیٹی ہیں، گرین شرٹس کا ہم آہنگ ٹیم ورک، نظم و ضبط اور کھیل کے دوران خاص لمحوں سے فائدہ اٹھانے کی مہارت انھیں سیمی فائنل کیلئے مضبوط امیدوار بناتی ہے۔ 

واضح رہے کہ آئی سی سی ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر سے بھارت میں ہونے جا رہا ہے اور پاکستان اور بھارت کا ٹاکرا 14 اکتوبر کو احمد آباد اسٹیڈیم میں ہو گا۔

مزید خبریں :