13 اگست ، 2023
پاکستان میں قائم چین کے سفارتخانے نے گوادر میں دہشت گردی کے واقعے پر بیان جاری کیا ہے۔
ترجمان چینی سفارت خانے کے مطابق گوادربندرگاہ کےقریب چینی شہریوں کے ایک قافلے پر حملہ کیا گیا، واقعے میں چینی شہریوں کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، متعلقہ اہلکاروں کو بحفاظت رکھا گیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ چینی سفارتخانہ دہشت گردی کی کارروائی کی شدید مذمت کرتا ہے۔
سفارتخانے اور قونصلیٹ نے پاکستانی حکام سے حملے کی مکمل تحقیقات کی درخواست کی اور حکام سے کہا کہ مکمل تحقیقات کرکے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائیں۔
چینی سفارت خانے کے مطابق چینی شہریوں، اداروں، منصوبوں کی حفاظت یقینی بنانے کیلئے ٹھوس اور مؤثر اقدامات کیے جائیں۔
چینی سفارت خانے نے ہدایت جاری کی کہ موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر پاکستان میں چینی شہری چوکس رہیں، اپنی جان و مال کی حفاظت کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
خیال رہے کہ آج گوادر میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کا فوجی قافلے پر حملہ ناکام بناتے ہوئے 2 حملہ آوروں کو ہلاک کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دہشتگردوں کے حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، سکیورٹی فورسز امن اور خوشحالی کے دشمنوں کی ہر کوشش ناکام بنانے کے لیے پر عزم ہیں۔