17 اگست ، 2023
اسلام آباد: سائفرگمشدگی کے معاملے پر حکومت نے خصوصی پراسیکیوٹرز ٹیم تشکیل دینےکا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خصوصی پراسیکیوٹرز ٹیم میں ایڈووکیٹ شاہ خاور، رضوان عباسی اور ذوالفقار نقوی شامل ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ خصوصی پراسکیوشن ٹیم کے لیے وزارت داخلہ نے سمری وزارت قانون کو بھجوادی ہے۔
ذرائع کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے خصوصی پراسیکیوٹرز ٹیم کی سفارش کی گئی تھی۔
خیال رہےکہ گزشتہ روز ایف آئی اے نے سائفرکی گمشدگی کے معاملے پر چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق ایف آئی اے کے انسداد دہشت گردی ونگ میں سائفرکی گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا جس میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نامزد کیا گیا ہے۔
اس سے قبل سائفر کی گمشدگی کے معاملے پر ایف آئی اے نے چیئرمین تحریک انصاف سے اٹک جیل میں پوچھ گچھ بھی کی تھی۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل کے آفس میں ملاقات کی گئی ہے۔
خیال رہےکہ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے امریکا میں پاکستانی سفیر کے مراسلے یا سائفرکو بنیاد بنا کر ہی اپنی حکومت کے خلاف سازش کا بیانیہ بنایا تھا جس میں عمران خان نے دعویٰ کیا تھا کہ ان کی حکومت کے خاتمے میں امریکا کا ہاتھ ہے تاہم قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں سائفر پر عمران خان کے مؤقف کی تردید کی جاچکی ہے۔
اس کے علاوہ سائفر سے متعلق عمران خان اور ان کے سابق سیکرٹری اعظم خان کی ایک آڈیو لیک سامنے آئی تھی جس میں عمران خان کو کہتے سنا گیا تھا کہ ’اب ہم نے صرف کھیلنا ہے، امریکا کا نام نہیں لینا، بس صرف یہ کھیلنا ہےکہ اس کے اوپر کہ یہ ڈیٹ پہلے سے تھی جس پر اعظم خان نے جواب دیا کہ میں یہ سوچ رہا تھا کہ اس سائفر کے اوپر ایک میٹنگ کرلیتے ہیں‘۔
اس کے بعد وفاقی کابینہ نے اس معاملے کی تحقیقات ایف آئی اے کے سپرد کی تھی۔
اعظم خان پی ٹی آئی کے دوران حکومت میں اس وقت کے وزیراعظم عمران خان کے پرنسپل سیکرٹری تھے اور وہ وزیراعظم کے انتہائی قریب سمجھے جاتے تھے۔