19 اگست ، 2023
جڑانوالہ کے اُجڑے مسیحیوں کی جلے گھروں کو واپسی شروع ہوگئی، آگ کی نذر کیے گئے گرجا گھر دیکھ کر ہر آنکھ اشک بار ہے۔
گزشتہ دنوں جڑانوالہ میں توہینِ مذہب کے مبینہ واقعے کیخلاف احتجاج کرنے والے مشتعل افراد نے کرسچین کالونی اور عیسیٰ نگری میں گرجا گھروں، مسیحی برادری کے درجنوں مکان، گاڑیاں اور مال و اسباب جلا دیے تھے۔
تاہم گھروں کو چھوڑ کر جانے والے مسیحیوں کی جلے گھروں کو واپسی شروع ہوگئی۔
متاثرین کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں میں زیادہ تعداد باہر کے لوگوں کی تھی ، جن میں کم عمر لڑکے بھی شامل تھے ۔ علاقے کے مسلمانوں کے روکنے پر بھی شرپسند نہ رُکے، متاثرین کو جان بچاکر کر بھاگنا پڑا ۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ علاقوں میں بجلی اور گیس کی بحالی کا آپریشن جاری ہے، آج رات تک بجلی کی مکمل بحالی کردی جائے گی۔
رپورٹس کے مطابق علاقے میں مسیحیوں پر بدترین حملوں میں ملوث مزید 17 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا جس کے بعد گرفتار افراد کی تعداد 145ہوگئی ہے۔
جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں نقصانات سے متعلق تحصیل دار کی رپورٹ تیار ہوگئی ہے ۔
رپورٹس کے مطابق جلاؤ گھیراؤ کے واقعات میں 19 چرچ جلائے گئے ، پُرتشدد مظاہروں میں 86 مکانات کو توڑ پھوڑ کے بعد جلایا گیا ۔
دوسری جانب جڑانوالہ میں قرآن پاک کی مبینہ بےحرمتی کے الزام میں گرفتار دونوں ملزمان کو 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا گیا ۔