Time 20 اگست ، 2023
کھیل

سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حل نہ ہوا، چیئرمین پی سی بی کل کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے

چیئرمین پی سی بی کھلاڑیوں کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ اور لیگز کھیلنے کے حوالے سے پالیسی اور دیگر معاملات میں شیئر کے حوالے سے اہم گفتگو کریں گے: ذرائع
چیئرمین پی سی بی کھلاڑیوں کے ساتھ سینٹرل کنٹریکٹ اور لیگز کھیلنے کے حوالے سے پالیسی اور دیگر معاملات میں شیئر کے حوالے سے اہم گفتگو کریں گے: ذرائع

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور کھلاڑیوں کے درمیان سینٹرل کنٹریکٹ کا معاملہ حل نہ ہوسکا، معاملات کے حل کیلئے چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف کل کھلاڑیوں سے ملاقات کریں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی ذکا اشرف لنکا پریمیر لیگ کا فائنل دیکھنے کیلئے اس وقت سری لنکا میں موجود ہیں اور کل وہ کولمبو سے ہمبنٹوٹا روانہ ہوں گے جہاں وہ قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم سمیت ون ڈے اسکواڈ میں شامل تمام کھلاڑیوں سے افغانستان کے خلاف سیریز اور ایشیا کپ کے حوالے سے گفتگو کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ  ذکا اشرف قومی اسکواڈ کے ہمراہ کل دوپہر کا کھانا کھائیں گے جبکہ کھلاڑیوں سے سینٹرل کنٹریکٹ اور لیگز کھیلنے کے حوالے سے پالیسی اور دیگر معاملات میں شیئر کے حوالے سے بھی اہم گفتگو کریں گے۔

ذرائع کے مطابق  سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے کئی معاملات اب بھی حل طلب ہیں، چیئرمین پی سی بی اور کھلاڑیوں کے درمیان کل ہونے والی ملاقات میں معاملات طے پانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگلے ہفتے تک سینٹرل کنٹریکٹ پر تمام معاملات طے پا جانے کی امید ہے، معاملات طے پانے کی صورت میں آئندہ ہفتے یا ایشیا کپ سے قبل معاہدوں پر دستخط ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ چیئرمین پی سی بی منیجمنٹ کمیٹی ذکا اشرف گزشتہ روز لنکا پریمیئر لیگ کا فائنل دیکھنے کیلئے سری لنکا پہنچے تھے۔

مزید خبریں :