Time 21 اگست ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

چاند پر اترنے سے قبل چندریان 3 نے مزید تصاویر جاری کر دیں

چندریان 3 مشن نے یہ تصویر 6 اگست کو جاری کی تھی / رائٹرز فوٹو
چندریان 3 مشن نے یہ تصویر 6 اگست کو جاری کی تھی / رائٹرز فوٹو

بھارت کے خلائی ادارے اسرو کی جانب سے چاند کے تاریک حصے کی نئی تصاویر جاری کی گئی ہیں۔

یہ تصاویر چاند کے قطب جنوبی میں اترنے کے لیے بھیجے گئے چندریان 3 مشن نے کھینچی تھیں۔

یہ مشن 23 اگست کو چاند کی سطح پر اترنے کی کوشش کرے گا۔

یہ نئی تصاویر اس وقت جاری کی گئی ہیں جب روس کا اسپیس کرافٹ لونا 25 تکنیکی مسائل کے باعث چاند کی سطح پر گر کر تباہ ہوگیا۔

واضح رہے کہ بھارت اور روس کے درمیان چاند کے قطب جنوبی میں سب سے پہلے مشن اتارنے کا مقابلہ ہو رہا تھا، جس میں روسی اسپیس کرافٹ کو ناکامی کا سامنا ہوا۔

اسرو کی جانب سے لونا 25 مشن کی ناکامی کے بعد 21 اگست کو تصاویر جاری کرتے ہوئے بتایا گیا کہ چندریان 3 مشن 23 اگست کو چاند پر اترنے کے لیے تیار ہے۔

یہ بھارت کی جانب سے 4 برسوں کے دوران چاند پر اترنے کی دوسری کوشش ہے، اس سے قبل 2019 میں چندریان 2 مشن کا آربٹر کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہوگیا تھا، مگر لینڈر گر کر تباہ ہوگیا۔

چاند کے جنوبی قطب میں پہاڑیوں کے باعث چندریان 3 کی لینڈنگ کافی مشکل ہوگی۔

چاند کے اس خطے میں موجود برف سائنسدانوں کی توجہ کا مرکز ہے جو ان کے خیال میں مستقبل کے مشنز میں ایندھن کی سپلائی، آکسیجن اور پینے کے پانی کی فراہم میں مددگار ثابت ہوگی۔

نئی تصاویر چندریان 3 کے لینڈر نے کھینچی ہیں جس میں چاند کی سطح کے گڑھوں کو دکھایا گیا ہے۔

یہ تصاویر اس کیمرے نے کھینچی ہیں جو لینڈر کو چاند کی سطح پر اترنے کے لیے محفوظ مقام تلاش کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔

خیال رہے کہ چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا اور اگست کے شروع میں چاند کے مدار میں داخل ہوا۔

وکرم نامی لینڈر 17 اگست کو پروپلشن موڈیول سے کامیابی سے الگ ہوا تھا جس کے بعد یہ مشن اپنے آخری مرحلے میں داخل ہوگیا۔

اگر چندریان 3 مشن کامیاب ہوتا ہے تو اس سے خلائی تسخیر کے حوالے سے بھارتی ساکھ میں اضافہ ہوگا۔

اب تک صرف امریکا، چین اور روس چاند پر مختلف مشنز کامیابی سے اتار چکے ہیں اور چندریان 3 کی کامیابی بھارت کو چوتھا ملک بنا دے گی۔

چندریان 3 مشن 23 اگست کو پاکستانی وقت کے مطابق شام 5 بج کر 34 منٹ کو چاند پر اترنے کی کوشش کرے گا۔

مزید خبریں :