25 اگست ، 2023
وہی بیٹر، وہی بولر، وہی آخری اوور اور صورتحال بھی وہی، یعنی 11 رنز اور 6 گیندیں، پاکستانی فاسٹ بولر نسیم شاہ نے بطور بیٹر افغانستان کے خلاف ایک بار پھر تاریخ دہر ادی۔
ہمبنٹوٹا میں افغانستان کے خلاف دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 6 گیندوں پر 11 رنز درکار تھے ،بولر تھے فضل الحق فاروقی اور سامنے ڈٹے تھے نسیم شاہ، پھر وہی ہوا جو پچھلے سال بھی ہوا تھا یعنی نسیم نے فضل کی بولنگ پر شاندار اسٹروکس کھیل کر پاکستان کو ایک وکٹ سے فتح دلا دی۔
گزشتہ سال 7 ستمبر کو ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی میں بھی ایسا ہی ہوا تھا، آخری اوور تھا ،11 رنز تھے ، فضل الحق فاروقی کے ہاتھ میں تھی گیند، نسیم کے ہاتھ میں تھا بیٹ، نسیم نے دو گیندوں پر دو چھکے لگاکر پاکستان کو فتح سے ہمکنار کرایا تھا۔
دونوں بار ایک ہی بولر کے جیت کے خواب کو ڈراؤنے خواب میں تبدیل کرنے کے بعد نسیم شاہ کے جشن کے انداز میں بھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔
واضح رہے کہ جمعرات کو تین ون ڈے میچز کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے افغانستان کو دلچسپ مقابلے کے بعد ایک وکٹ سے شکست دے دی۔
افغانستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو کہ بہترین ثابت ہوا، افغان ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 300 رنز بنائے۔جواب میں قومی ٹیم نے 301 رنز کا ہدف 49.5 اوورز میں آخری وکٹ پر حاصل کرلیا۔
امام الحق نے 91، بابر اعظم نے 53 اور شاداب خان نے 48 رنز کی اننگز کھیلی۔
پاکستان کو ون ڈے سیریز میں 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہوگئی ہے، پاکستان نے پہلے میچ میں حریف ٹیم کو آؤٹ کلاس کرتے ہوئے 142 رنز سےکامیابی حاصل کی تھی۔