28 اگست ، 2023
توشہ خانہ کیس میں سزا کے بعد گرفتار ہونے والے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کو اٹک جیل میں میسر سہولیات سے متعلق سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ کی تفصیلات سامنے آگئیں۔
چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال کے احکامات پر اٹارنی جنرل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل میں ملنے والی سہولیات سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کروائی تھی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جیل میں حالت اور انہیں ملنے والی سہولیات سے متعلق اٹارنی جنرل کی جمع کرائی گئی رپورٹ سامنے آگئی ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں سب سے محفوظ ہائی آبزرویشن بلاک میں رکھا گیا ہے اور چیئرمین پی ٹی آئی کی ملحقہ بیرکس کو بھی خالی رکھا گیا ہے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 بائی 11 کے سائز کی بیرک میں رکھا گیا ہے، چیئرمین پی ٹی آئی کے واش روم کی دیوار 6 فٹ اونچی اور واش روم کا سائز 7 بائی 4 ہے، عمران خان کو جیل میں وائٹ واش، پکا فرش اور ایک پنکھےکی سہولت میسر ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بہتر کلاس کا قیدی ہونے پر چیئرمین پی ٹی آئی کو میٹرس، ائیر کولر، 4 تکیے، میز اور کرسی کی سہولت بھی دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ عمران خان کو 4 قرآن پاک انگش ترجمہ اور 25 تاریخی کتابیں بھی فراہم کی گئی ہیں۔
اٹارنی جنرل کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو 21 انچ کا ٹی وی اور روزانہ اخبار فراہم کیا جاتا ہے، انہیں روازنہ بیرک، واش روم اور کپڑوں کی صفائی کے لیے اسٹاف بھی دیا گیا ہے، اور چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی کیلئے جیل میں اضافی 54 اہلکاروں کی ڈیوٹی لگائی گئی ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ قانون کے مطابق قیدی کے اہلخانہ منگل کو 2 سے 3 گھنٹے کی ملاقات کر سکتے ہیں جبکہ قیدی کے وکلا بدھ کو 2 سے 3 گھنٹے کی ملاقات کر سکتے ہیں، اس قانون کے تحت 7 تا23 اگست ان کی 3 بار اہلیہ اور3 بار وکلا سے ملاقات کرائی گئی، چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ 5 ڈاکٹرز کی ٹیم کرتی ہے۔
سپریم کورٹ میں جمع کرائی گئی رپورٹ میں جیل میں چیئرمین پی ٹی آئی کو دیے جانے والےکھانےکا مینیو بھی شامل ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ناشتے میں بریڈ، آملیٹ، دہی اور چائے فراہم کی جاتی ہے، دن اور رات کےکھانے میں انہیں تازہ پھل، سبزیاں، دالیں اور چاول مینیو کے مطابق دیے جاتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی خواہش پر ہفتے میں 2 بار دیسی چکن اور ہفتے میں ایک بار دیسی گھی میں پکا ہوا مٹن بھی دیاگیا، جیل انتظامیہ ہائی پروفائل قیدی کوبہترین سہولیات اور سکیورٹی فراہم کر رہی ہے۔