30 اگست ، 2023
پاکستان انڈر 16 فٹبال ٹیم کو ساف چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے رات گئے وزارت داخلہ کی جانب سے این او سی جاری کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق این او سی کے اجراء میں سابقہ حکومت کی معاون خصوصی شزا فاطمہ نے اہم کردار ادا کیا ہے۔
شزا فاطمہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وزارت داخلہ کی شکر گزار ہوں کے اس وقت این او سی جاری کر دیا گیا، امید ہے صبح بین الصوبائی رابطہ کی وزارت معاملہ کلیئر کردے گی۔
انہوں نے کہا کہ کل تک پاکستان اسپورٹس بورڈ( پی ایس بی) سے باضابطہ این او سی مل جانے کا امکان ہے، وزارت خارجہ بھی انڈر 16 فٹبال ٹیم کا این او سی جاری کر چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان فٹبال ٹیم کو 29 اگست کو لاہور سے بھوٹان روانہ ہونا تھا لیکن این او سی نہ ملنے کی وجہ سے پاکستانی ٹیم بھوٹان روانہ نہیں ہو سکی تھی۔
این او سی ملنے میں تاخیر کی وجہ سے پی ایف ایف نے ٹورنامنٹ سے دستبرداری کا کہہ دیا تھا۔
تاہم سوشل میڈیا پر فینز کے احتجاج کے بعد شزا فاطمہ نے معاملے میں کردار ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق این او سی کے اجراء کے باوجود پاکستان انڈر 16 ٹیم کی ساف چیمپئن شپ میں شرکت مشکل ہے۔
ذرائع کا کہناہے کہ لاہور سے بھوٹان سفر کیلئے فلائٹس کے محدود آپشن کی وجہ سے فٹبال فیڈریشن کو چیلنج رہے گا۔