سپر بلیو مون کا نظارہ کرنا چاہتے ہیں تو 30 اور 31 اگست کو آسمان دیکھنا مت بھولیں

اگلی بار سپر بلیو مون دیکھنے کے لیے 2037 تک انتظار کرنا ہوگا / رائٹرز فوٹو
اگلی بار سپر بلیو مون دیکھنے کے لیے 2037 تک انتظار کرنا ہوگا / رائٹرز فوٹو

2023 کا سب سے روشن اور بڑا چاند 30 اور 31 اگست کو دنیا بھر میں دیکھنے میں آئے گا۔

جب چاند زمین کے سب سے زیادہ قریب ہوتا ہے تو وہ معمول سے زیادہ بڑا اور روشن نظر آتا ہے اور اسے سپر مون کہا جاتا ہے۔

اگر ایک ہی مہینے میں 2 بار مکمل چاند دیکھنے کو آئیں تو دوسری بار دکھائی دینے والے 14 ویں کے چاند کو بلیو مون کہا جاتا ہے۔

یعنی چاند کا رنگ نیلا نہیں ہوگا بلکہ اگر ایک مہینے میں 2 سپر مون نظر آئیں تو پھر سپر بلیو مون کی اصطلاح استعمال کی جاتی ہے۔

اگست کے اختتام (کچھ ممالک میں 30 جبکہ پاکستان اور دیگر ممالک میں 31 اگست کو 14 ویں کا چاند طلوع ہوگا) پر طلوع ہونے والا سپر مون معمول سے 7.2 فیصد بڑا اور 15.7 فیصد زیادہ روشن نظر آئے گا۔

یہ اس سال کا سب سے روشن چاند بھی ہوگا جو نیلا تو نہیں مگر ہلکا سا نارنجی ضرور نظر آسکتا ہے۔

اس مہینے کا سپر بلیو مون اس لیے بھی خاص ہے کیونکہ اس کے بعد ایسا نظارہ دیکھنے کے لیے جنوری 2037 تک انتظار کرنا ہوگا۔

اس سے قبل آخری بار سپر بلیو مون 5 سال قبل 2018 میں دیکھنے میں آیا تھا مگر اس وقت وہ سرخی مائل تھا کیونکہ اس موقع پر چاند گرہن بھی ہوا تھا۔

اس طرح کے چاند کو سپر بلیو بلڈ مون کہا جاتا ہے۔

اسے دیکھنے کے لیے کسی دوربین کی ضرورت نہیں بلکہ بس آسمان پر چاند کو دیکھنا ہی کافی ہے۔

مزید خبریں :