بھارت کے چندریان 3 مشن کے روور کو 'سلا' دیا گیا

اس روور نے 11 دن میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کیا / فوٹو بشکریہ اسرو
اس روور نے 11 دن میں 100 میٹر کا فاصلہ طے کیا / فوٹو بشکریہ اسرو

چاند کے قطب جنوبی پر اترنے والے بھارت کے چندریان 3 مشن کے روور کو کچھ عرصے کے لیے 'سلا' دیا گیا۔

انڈین اسپیس ریسرچ ایجنسی (اسرو) کے مطابق چندریان 3 کے پرگیان روور نے اپنے اسائنمنٹس اور تجربات مکمل کرلیے ہیں جس کے بعد اس کا سلیپ موڈ ان ایبل کر دیا گیا۔

پرگیان روور نے 11 دن کے دوران چاند کی سطح پر 100 میٹر کا سفر کیا اور سلفر اور آکسیجن سمیت مختلف دھاتوں کو دریافت کیا۔

اسرو کے مطابق چاند پر رات کے آغاز کو مدنظر رکھتے ہوئے روور کو غیر فعال کیا جا رہا ہے جبکہ اس کا ڈیٹا وکرم لینڈر کے ذریعے زمین پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

بھارتی خلائی ادارے کے مطابق چندریان 3 مشن کی بیٹری مکمل چارج ہے اور 22 ستمبر کو چاند پر دن کے آغاز کے ساتھ سولر پینل کو روشنی مل سکے گی۔

اگرچہ وکرم لینڈر اور پرگیان روور کو چاند پر 14 دن کی زندگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا مگر اسرو کو توقع ہے کہ چاند پر نئے دن کے آغاز کے ساتھ یہ دونوں پھر بیدار ہو سکیں گے۔

اگر ایسا نہ ہوا تو بھی یہ مشن بھارت کے قمری سفیر کے طور پر وہاں رہے گا۔

اگر آپ کو علم نہیں تو جان لیں کہ چاند کی ایک رات زمین کے 14 دن کے برابر ہوتی ہے۔

7 ستمبر کو جب چاند پر رات کا آغاز ہوگا تو پرگیان روور اور وکرم لینڈر سورج کی روشنی سے محروم ہو جائیں گے۔

یہ دونوں ہی سولر پاور سے کام کرتے ہیں تو ان کے لیے کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد 23 اگست کو کامیابی سے چاند کے قطب جنوبی میں اتر گیا تھا۔

مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا۔

مزید خبریں :