روور کے بعد چندریان 3 مشن کے لینڈر کو بھی سلیپ موڈ پر منتقل کر دیا گیا

چندریان 3 مشن کا وکرم لینڈر / فوٹو بشکریہ اسرو
چندریان 3 مشن کا وکرم لینڈر / فوٹو بشکریہ اسرو

بھارت کے چندریان 3 مشن کے روور پرگیان کو 3 ستمبر کو سلیپ موڈ پر ڈال دیا گیا تھا۔

اب چندریان 3 کے لینڈر وکرم کو بھی آئندہ 2 ہفتے کے لیے سلپ موڈ پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

انڈین اسپیس ریسرچ ایجنسی (اسرو) کے مطابق پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 7 بجے وکرم لینڈر کا سلیپ موڈ ان ایبل کیا گیا۔

اسرو نے مزید بتایا کہ سلیپ موڈ سے قبل لینڈر کے ڈیٹا کو زمین پر منتقل کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد پے لوڈز کو سوئچ آف کر دیا گیا، البتہ لینڈر کے رسیورز کام کرتے رہیں گے۔

چندریان 3 مشن میں شامل روور اور لینڈر کو چاند پر رات کے آغاز سے قبل سلیپ موڈ میں ڈالا گیا ہے۔

اسرو کو توقع ہے کہ یہ دونوں 22 ستمبر کو پھر 'بیدار' ہو جائیں گے۔

اس سے قبل اسرو کی جانب سے وکرم لینڈر کو ایک سے دوسری جگہ منتقل کرنے کا کامیاب تجربہ بھی کیا گیا تھا۔

3 ستمبر کو لینڈر نے خود کو فضا میں 40 سینٹی میٹر بلند کیا اور 30 سے 40 سینٹی میٹر دور جاکر دوبارہ چاند کی سطح پر لینڈنگ کی۔

اسرو کے مطابق وکرم لینڈر کا یہ تجربہ کامیاب رہا اور اس تجربے سے مستقبل میں چاند کے نمونوں کوزمین پر واپس لانے اور انسانی مشنز کے لیے مدد مل سکے گی۔

اگرچہ وکرم لینڈر اور پرگیان روور کو چاند پر 14 دن کی زندگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا مگر اسرو کو توقع ہے کہ چاند پر نئے دن کے آغاز کے ساتھ یہ دونوں پھر بیدار ہو سکیں گے۔

اگر ایسا نہ ہوا تو بھی یہ مشن بھارت کے قمری سفیر کے طور پر وہاں رہے گا۔

اگر آپ کو علم نہیں تو جان لیں کہ چاند کی ایک رات زمین کے 14 دن کے برابر ہوتی ہے۔

7 ستمبر کو جب چاند پر رات کا آغاز ہوگا تو پرگیان روور اور وکرم لینڈر سورج کی روشنی سے محروم ہو جائیں گے۔

یہ دونوں ہی سولر پاور سے کام کرتے ہیں تو ان کے لیے کام جاری رکھنا ممکن نہیں ہوگا۔

خیال رہے کہ چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد 23 اگست کو کامیابی سے چاند کے قطب جنوبی میں اتر گیا تھا۔

مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا۔

مزید خبریں :