06 ستمبر ، 2023
ویڈیو شیئرنگ کے لیے مقبول ٹک ٹاک ایپ اب خود کو مکمل سوشل میڈیا نیٹ ورک میں تبدیل کرنے والی ہے تاکہ انسٹاگرام اور واٹس ایپ کو سخت ٹکر دے سکے۔
اس مقصد کے لیے ٹک ٹاک کی جانب سے سوشل نیٹ ورکنگ فیچرز اور میسجنگ کو بہتر بنانے کے لیے نئی ٹیم کو بھرتی کیا جا رہا ہے۔
یہ بات ایک نئی رپورٹ میں سامنے آئی۔
رپورٹ کے مطابق یہ کمپنی ٹک ٹاک سوشل کے لیے پراڈکٹ منیجر کو بھرتی کرنا چاہتی ہے تاکہ صارفین کے درمیان بامقصد سماجی رابطوں کو یقینی بنایا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمپنی اپنے صارفین کو پلیٹ فارم کے اندر رکھنا چاہتی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ 'ٹک ٹاک کے اندر اس بات پر تشویش پائی جاتی ہے کہ صارفین اپنی مختصر ویڈیوز کو دیگر سوشل میڈیا اور میسجنگ ایپس میں شیئر کرتے ہیں تاکہ اپنے دوستوں کی رائے جان سکیں'۔
ٹک ٹاک سوشل کے لیے نئی ٹیم کے ذریعے یہ کمپنی ایک ایسے پلیٹ فارم کو تشکیل دینا چاہتی ہے جس میں صارفین اپنے دوستوں سے ٹک ٹک اندر ہی رابطہ قائم کر سکیں اور وہی پر وہ اپنی ویڈیوز اور دیگر چیزوں کو شیئر کر سکیں۔
اس مقصد کے لیے میسجنگ فیچرز کو زیادہ بہتر بنایا جائے گا۔
رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا کہ کمپنی نے تسلیم کیا ہے کہ ہماری میسجنگ کی صلاحیت ابتدائی مراحل میں ہے اور باصلاحیت افراد پر مشتمل ٹیم کے ذریعے اسے زیادہ بہتر بنایا جائے گا۔
خیال رہے کہ ٹک ٹاک کو مختصر وائرل ویڈیوز کے لیے جانا جاتا ہے جس میں لائیکس، کمنٹس اور ری پوسٹس جیسے فیچرز تو موجود ہیں مگر میسجنگ پر کچھ زیادہ توجہ مرکوز نہیں کی گئی۔
ٹک ٹاک کے مخالف پلیٹ فارمز جیسے انسٹاگرام میں مختصر ویڈیوز پر اب زیادہ توجہ مرکوز کی جا رہی ہے اور اسی کو دیکھتے ہوئے ٹک ٹاک کی جانب سے سوشل میڈیا فیچرز کو توسیع دینے پر کام کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کے لیے نئے فیچرز متعارف کراتے ہوئے بھی ہماری توجہ ہمیشہ بنیادی بزنس ماڈل (یعنی ویڈیوز) پر مرکوز رہے گی۔