Time 09 ستمبر ، 2023
کاروبار

نوشہرہ: ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی اور متوازی بینکنگ کیخلاف کارروائی، دو ملزمان گرفتار

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں حوالہ ہنڈی اور متوازی بینکنگ کے غیر قانونی کاروبار کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ایف آئی اے کی حوالہ ہنڈی کے غیر قانون کاروبار کے مراکز پر چھاپا مار کارروائیوں کے دوران کروڑوں روپے کی پاکستانی کرنسی اور بیرونی ملک سے آنے والی دستاویزات قبضے میں لیکر مرکز سیل کردیا گیا۔

ایف ائی اے کمرشل بنکنگ سرکل کے ایس ایچ او خالد سلیم کے مطابق حساس اداروں کی نشاندہی پرنوشہرہ چھاؤنی میں حوالہ ہنڈی کے مختلف مراکز پر کارروائی کی گئی جہاں دو ملزمان پشاور کے رہائشی شیرزمان اور ڈی ائی خان سے تعلق رکھنے والے محمد سلیم کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے قبضے سے ایک کروڑ 31 ہزار پچاس روپے برآمد کرکے غیر قانونی دستاویزات، رسیدیں اور موبائل فون تحویل میں لیے اور کنٹونمنٹ پلازہ میں ایک مرکز سیل کیا، مزید سرچ آپریشن جاری ہے۔

ایف آئی حکام کے مطابق ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے بھی پوچھ گچھ جاری ہے۔

دوسری جانب اکوڑہ خٹک مہاجر بازار سے بھی ایک افغان مہاجر کو گرفتار کرکے اس کی تحویل سے حوالہ ہنڈی کے دستاویزات اور رسیدیں برآمد کی گئی ہیں، گرفتار ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے۔

واضح رہے کہ نگران حکومت نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو امریکی ڈالر، چینی، کھاد اور پیٹرولیم مصنوعات کی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اختیارات تفویض کردیے ہیں۔

نگران وزیرِ داخلہ کی صدارت میں ہونے والے اجلاس کے بعد ایف آئی اے کو کارروائیوں کے احکامات جاری کیے گئے جس کا مراسلہ بھی جاری کیا گیا۔

مراسلے کے مطابق امریکی ڈالر اور دیگر غیر ملکی کرنسی کی تمام ایگزٹ اور انٹری پوائنٹس پر ایف آئی اے کارروائی کرسکے گی۔

مزید خبریں :