Time 09 ستمبر ، 2023
پاکستان

الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کرائیگا، اس پر پورا اعتماد ہے: آصف زرداری

ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے، ملک ہے تو ہم سب ہیں: سابق صدر/ فائل فوٹو
ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے، ملک ہے تو ہم سب ہیں: سابق صدر/ فائل فوٹو

اسلام آباد: سابق صدر آصف زرداری نے الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں سابق صدر آصف زرداری نے کہا کہ الیکشن کمیشن آئین کے مطابق الیکشن کرائےگا اور مردم شماری کے بعد الیکشن کمیشن نئی حلقہ بندیاں کرانےکا پابند ہے، چیف الیکشن کمشنر اور تمام اراکین پر ہمیں پورا اعتماد ہے۔

سابق صدر نے کہا کہ نگران حکومت ایس آئی ایف سی کے منصوبوں کو جلد مکمل کرے اور منصوبے مکمل کرکے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالا جائے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ملک اس وقت ایک معاشی بحران سے گزر رہا ہے، ہم سب کو سیاست کے بجائے معیشت کی فکر پہلے کرنی چاہیے، ملک ہے تو ہم سب ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے 90 روز میں الیکشن کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 4سال کی کارکردگی سے اپنی ساکھ کو عوام کے سامنے ثابت کردیا، الیکشن کمیشن نے ڈسکہ میں اپنی کارکردگی کو ثابت کیا، ہم امید کرتے ہیں الیکشن کمیشن فری اینڈ فیئر الیکشن کرائے گا۔


مزید خبریں :