Time 14 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

پہلی بار میڈ ان انڈیا آئی فونز لانچ کے آغاز سے دستیاب ہوں گے

آئی فون 15 پرو / رائٹرز فوٹو
آئی فون 15 پرو / رائٹرز فوٹو

پہلی بار ایپل کی جانب سے میڈ ان انڈیا آئی فون پہلے دن سے فروخت کے لیے پیش کیے جا رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایپل کی جانب سے کچھ سال سے بھارت اور ویتنام میں آئی فونز اور دیگر ڈیوائسز کو تیار کیا جا رہا ہے تاہم پروڈکشن کے لیے زیادہ انحصار چین پر کیا جاتا ہے۔

مگر اس سال امریکی کمپنی کی جانب سے چین پر انحصار کم کرتے ہوئے بھارت میں آئی فون 15 سیریز کی پروڈکشن بڑھائی گئی ہے۔

بلومبرگ کی رپورٹ کے مطابق بھارت میں تیار کردہ نئے آئی فونز بھارت اور چند دیگر خطوں میں فروخت کے پہلے دن (22 ستمبر) سے دستیاب ہوں گے۔

آئی فون 15 سیریز کے زیادہ تر یونٹس چین میں ہی تیار ہوں گے مگر بھارت میں ڈیوائسز کی پروڈکشن کو بتدریج بڑھایا جا رہا ہے۔

یہ پہلی بار ہے جب نئے آئی فونز کی پروڈکشن بیک وقت 2 ممالک میں ہوئی۔

گزشتہ سال چین میں کووڈ کی وبا اور دیگر وجوہات کے باعث کارخانے بند رہنے پر ایپل کی جانب سے بھارت میں آئی فون 14 سیریز کے کچھ ماڈلز تیار کیے گئے تھے۔

چند ماہ پہلے ایک رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ 2022 میں عالمی سطح پر تیار ہونے والے لگ بھگ 7 فیصد آئی فونز کی پروڈکشن بھارت میں ہوئی۔

اس سے قبل 2021 میں آئی فونز کی محض ایک فیصد پروڈکشن بھارت میں ہوئی تھی۔

کمپنی کی جانب سے 2025 تک اس شرح کو 25 فیصد تک پہنچانے پر کام کیا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق مستقبل قریب میں چین اور تائیوان میں آئی فونز کی پروڈکشن جاری رہے گی کیونکہ وہاں پروڈکشن کی لاگت کم ہے، مگر بتدریج دیگر ممالک میں پروڈکشن کو بڑھایا جائے گا۔

خیال رہے کہ ایپل نے آئی فون 15 سیریز کے 4 ماڈلز 12 ستمبر کو متعارف کرائے تھے۔

یہ سیریز آئی فون 15، 15 پلس، 15 پرو اور 15 پرو میکس پر مشتمل ہے۔

اس سال کے ماڈلز کی خاص بات نئی یو ایس بی سی چارجنگ پورٹ کا اضافہ ہے۔

مزید خبریں :