Time 18 ستمبر ، 2023
پاکستان

پیپلز پارٹی 2013 نہیں 1985 میں ہی پنجاب سے فارغ ہو گئی تھی: لیگی سینیٹر کا بلاول کو جواب

سمجھ نہیں آتا بلاول نے کیسے کہہ دیا 2013 میں انہیں پنجاب سے بیدخل کرنیکی منصوبہ بندی کی گئی: لیگی سینیٹر۔ فوٹو فائل
سمجھ نہیں آتا بلاول نے کیسے کہہ دیا 2013 میں انہیں پنجاب سے بیدخل کرنیکی منصوبہ بندی کی گئی: لیگی سینیٹر۔ فوٹو فائل

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما سینیٹر عرفان صدیقی نے چند روز قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے 2013 میں پنجاب سے نکالے جانے سے متعلق بیان پر ردعمل دیا ہے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا پیپلز پارٹی 2013 نہیں 1985 میں ہی پنجاب سے فارغ ہو گئی تھی، 2013کے انتخابات میں آصف علی زرداری صدر، کیانی (اشفاق پرویز کیانی) آرمی چیف اور نگران حکومت پیپلز پارٹی کی نامزد کردہ تھی۔

عرفان صدیقی کا کہنا تھا سمجھ نہیں آتا بلاول نے کیسےکہہ دیا کہ 2013 میں پیپلز پارٹی کو پنجاب سے بیدخل کرنے کی منصوبہ بندی کی گئی، انتخابات کے دوران دور دور تک مسلم لیگ ن کی مدد کرنے والا کوئی نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا 1988،1990،1993،1997،2008 کے انتخابات میں پیپلز پارٹی کو پنجاب میں شکست ہوئی، موجودہ نگران حکومت پر تنقید سے ممکن ہے پیپلز پارٹی کی قیادت ممکنہ شکست کی پیش بندی کر رہی ہو، انتخابات کے دوران سیاسی جماعتوں کے درمیان گرما گرمی ہوتی رہتی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں سینیٹر عرفان صدیقی کا کہنا تھا نیب ترامیم ختم کرنے کے عدالتی فیصلے کے باوجود نواز شریف کی 21 اکتوبر کو پاکستان آمد کے پروگرام پر کوئی اثر نہیں پڑے گا، نواز شریف 21 اکتوبر کو آرہے ہیں، انتخابات میں مسلم لیگ ن کا بیانیہ اس کی کارکردگی ہو گی۔

مزید خبریں :