Time 18 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

واٹس ایپ کا نیا دلچسپ فیچر جو ویڈیو کالز کا تجربہ تبدیل کر دے گا

یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے / فائل فوٹو
یہ فیچر ابھی بیٹا ورژن میں دستیاب ہے / فائل فوٹو

واٹس ایپ کی جانب سے حریف ایپس سے مقابلے کے لیے ہر ماہ ہی نئے فیچرز متعارف کرائے جاتے ہیں۔

اب میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ میں ایک اور دلچسپ فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے۔

میسجنگ ایپ کی اپ ڈیٹ پر نظر رکھنے والی سائٹ WABetaInfo کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایپ کے بیٹا (beta) ورژن میں ایک نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے۔

اس فیچر کے ذریعے صارفین ویڈیو کالز کے دوران اپنے تھری ڈی اواتار کو استعمال کر سکیں گے۔

خیال رہے کہ میٹا کی ایپس جیسے واٹس ایپ، فیس بک اور انسٹا گرام میں ڈیجیٹل اواتار کا فیچر کافی عرصے سے موجود ہے اور اب میسجنگ ایپ کے لیے اسے مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق جب صارف اپنے اواتار کو ویڈیو کال کے لیے استعمال کرتا ہے تو وہ چہرے کی حرکت اور تاثرات کی رئیل ٹائم میں نقل کرتا ہے۔

صارفین ویڈیو کال کے دوران اس فیچر کو ٹرن آف بھی کر سکتے ہیں۔

بیٹا ورژن استعمال کرنے والے جن صارفین کو یہ فیچر دستیاب ہے ان کے سامنے ویڈیو کال کے دوران اس کا آپشن نظر آتا ہے اور اسے استعمال کرنے کے لیے سوئچ ٹو اواتار بٹن پر کلک کرنا ہوتا ہے۔

ویڈیو کال کے دوران یہ آپشن نظر آئے گا / فوٹو بشکریہ WABetaInfo
ویڈیو کال کے دوران یہ آپشن نظر آئے گا / فوٹو بشکریہ WABetaInfo

خیال رہے کہ اس طرح کا فیچر جولائی میں فیس بک اور انسٹاگرام میں بھی متعارف کرایا گیا تھا تو یقیناً واٹس ایپ میں بھی یہ اس سے ملتا جلتا ہوگا۔

یعنی اگر آپ میٹا کی دیگر ایپس میں اس فیچر کو استعمال کر چکے ہیں تو اندازہ لگا سکتے ہیں کہ واٹس ایپ پر اس کا تجربہ کیسا ہوگا۔

فی الحال یہ فیچر بیٹا ورژن میں دیا گیا ہے تو ابھی یہ کہنا مشکل ہے کہ تمام صارفین کے لیے اسے کب تک متعارف کرایا جائے گا۔

مزید خبریں :