11 ستمبر ، 2023
واٹس ایپ میں بہت جلد ایسے فیچر کا اضافہ ہونے والا ہے جس کا صارفین نے پہلے کبھی تصور بھی نہیں کیا تھا۔
میٹا کی زیر ملکیت میسجنگ ایپ کی جانب سے یورپی یونین کے ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ پر عملدرآمد کے لیے تھرڈ پارٹی چیٹ آپشن کی آزمائش کی جا رہی ہے۔
یہ واٹس ایپ کا ایسا فیچر ہے جس کے ذریعے صارفین دیگر میسجنگ ایپس جیسے ٹیلیگرام اور سگنل وغیرہ پر بھی دوستوں سے چیٹ کر سکیں گے۔
WABetaInfo کی رپورٹ کے مطابق اینڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے واٹس ایپ کے بیٹا (beta) ورژن 2.23.19.8 میں اس فیچر کا اشارہ دیا گیا ہے۔
فی الحال بیٹا ورژن میں بھی اس فیچر تک رسائی ممکن نہیں اور اس پر ابھی کام جاری ہے۔
یورپ میں واٹس ایپ اور فیس بک میسنجر مقبول ترین میسجنگ پلیٹ فارمز ہیں مگر نئے یورپی قانون کے تحت ٹیکنالوجی کمپنیوں کو چیٹ انٹرپورٹ ایبلٹی کو ممکن بنانا ہوگا۔
واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ میٹا کی جانب سے فیس بک میسنجر میں بھی کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے فیچر کو متعارف کرانے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کے تحت بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں جیسے ایمازون، میٹا، ایپل، مائیکرو سافٹ اور الفابیٹ کو گیٹ کیپر قرار دیتے ہوئے نئے قوانین پر عملدرآمد کے لیے اپریل 2024 کی مہلت دی گئی ہے۔
اس نئے ایکٹ کے تحت میسجنگ سروسز کو کراس پلیٹ فارم میسجنگ کے فیچر کو یقینی بنانا ہوگا۔
ڈیجیٹل مارکیٹس ایکٹ کو مدنظر رکھتے ہوئے میٹا اور مائیکرو سافٹ کی جانب سے اپنے ایپ اسٹورز متعارف کرانے کی منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے تاکہ گوگل اور ایپل کی اجارہ داری کو ختم کیا جاسکے۔