19 ستمبر ، 2023
اقوام متحدہ کے دفتر رابطہ برائے انسانی امور نے لیبیا میں سیلاب سے اموات کے نئے اعدادو شمار جاری کردیے۔
نئے اعدادو شمار کے مطابق لیبیا میں سیلاب سے 3 ہزار 958 اموات ہوئیں جبکہ 9 ہزار سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے نائب ترجمان فرحان حق کا کہنا ہےکہ یہ اعدادو شمار عالمی ادارہ صحت کی جانب سے تصدیق شدہ ہیں، سانحات میں اموات کی تعداد اوپر نیچے ہو سکتی ہے۔
اس سے قبل اقوام متحدہ کے دفتر رابطہ برائے انسانی امور نے ہفتے کو جاری اعدادو شمار میں لیبیا میں سیلاب سے اموات کی تعداد 11 ہزار 300 بتائی تھی۔
واضح رہے کہ لیبیا میں 10 ستمبر کو آنے والے بدترین سیلاب کی تباہ کاریاں تاحال جاری ہیں اور ایک ہفتے بعد بھی لاشیں ملنے کا سلسلہ جاری ہے۔
سیلاب سے متاثرہ لیبیا کو اقوام متحدہ، یورپ، مشرقی وسطیٰ کے ممالک کی جانب سے امداد پہنچائی جا رہی ہے۔
دوسری جانب لیبیا میں سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے جاتے ہوئے رضاکاروں کو ٹریفک حادثہ پیش آگیا جس میں 4 یونانی رضاکاروں سمیت 7 افراد ہلاک ہو گئے۔