Time 20 ستمبر ، 2023
کھیل

بھارتی کرکٹر محمد شامی کو گھریلو تشدد کیس میں ضمانت مل گئی

فروری 2018 میں دورہ افریقا سے واپسی پر شوہر نے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا: اہلیہ کا الزام__فوٹو: فائل
فروری 2018 میں دورہ افریقا سے واپسی پر شوہر نے مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا: اہلیہ کا الزام__فوٹو: فائل

کولکتہ: بھارت کے فاسٹ بولر محمد شامی کو گھریلو تشدد کے کیس میں ضمانت مل گئی۔

کولکتہ کی عدالت نے محمد شامی اور ان کے بھائی محمد حسیب کی ضمانت منظورکرلی۔

واضح رہے کہ  2018 میں محمد شامی کی اہلیہ ہاسن جہاں نے کرکٹر کے خلاف گھریلو تشدد کا مقدمہ دائر کیا تھا۔

کرکٹر کی اہلیہ ہاسن جہاں نے محمد شامی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ فروری 2018 میں دورہ افریقا سے واپسی پر شوہر نے انہیں مبینہ طور پر بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

ہاسن جہاں کا کہنا تھا کہ ان کے شوہر اور سسرالیوں کی جانب سے گزشتہ دو سال سے زد و کوب کیا جارہا ہے لیکن اب بہت ہوچکا ہے۔

ہاسن کے مطابق انہوں نے خاموش رہنے کی بہت کوشش کی اور شوہر کی غلطیاں بھی برداشت کیں لیکن محمد شامی نے دھمکیاں دینا شروع کردی تھیں اس کے باوجود اپنے خاندان اور بیٹی کی خاطر سب کچھ سہتی رہی۔

ہاسن نے الزام عائد کیا کہ محمد شامی انہیں دھوکہ دے رہے تھے اور مختلف لڑکیوں کے ساتھ سوشل میڈیا پر نازیبا گفتگو کیا کرتے تھے جن کے ثبوت موجود ہیں۔

دوسری جانب کرکٹر محمد شامی نے اس حوالے سے سماجی رابطہ سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا تھا کہ ان کی ذاتی زندگی سے متعلق جتنی بھی خبریں گردش کر رہی ہیں وہ سب جھوٹ پر مبنی اور سازش ہیں۔

شامی نے لکھا کہ یہ انہیں بدنام کرنے کی سازش ہورہی ہے اور ان کا کھیل خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ 

مزید خبریں :