Geo News
Geo News

Time 22 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

وہ نیا اسمارٹ فون جسے خریدنے کے لیے دنیا کے مختلف شہروں میں لمبی قطاریں لگ گئیں

ممبئی میں آئی فون 15 خریدنے کے لیے لوگ ایپل اسٹور کے باہر کھڑے ہیں / فوٹو بشکریہ بلومبرگ
ممبئی میں آئی فون 15 خریدنے کے لیے لوگ ایپل اسٹور کے باہر کھڑے ہیں / فوٹو بشکریہ بلومبرگ

آئی فون 15 سیریز کو دنیا کے مختلف ممالک میں 22 ستمبر سے فروخت کے لیے پیش کردیا گیا اور اس موقع پر ہزاروں افراد مختلف شہروں کے ایپل اسٹورز کے سامنے قطاروں میں کھڑے نظر آئے۔

سنگاپور سے لے کر نیویارک تک، ہر جگہ سیکڑوں افراد قطاروں میں کھڑے اس فون کو خریدنے میں سبقت لے جانے کے خواہشمند نظر آئے۔

12 ستمبر میں متعارف کرائے جانے کے بعد اسے 22 ستمبر کو دنیا کے بیشتر ممالک میں صبح 8 بجے (وہاں کے مقامی وقت کے مطابق) فروخت کے لیے پیش کیا گیا۔

اس لحاظ سے سب سے پہلے آسٹریلیا میں لوگوں کو اس فون کو خریدنے کا سب سے پہلا موقع ملا۔

سڈنی کے ایپل اسٹور پر بادشاہ بلبل نامی شخص نے سب سے پہلے آئی فون 15 خریدا۔

وہ 21 ستمبر کی شب 11 بجے ہی ایپل اسٹور کے باہر کھڑے ہوگئے تھے اور نیا آئی فون خریدنے کے لیے 9 گھنٹے تک انتظار کیا۔

اس سال دنیا میں سب سے پہلے آئی فون خریدنے والے شخص بادشاہ بلبل / فوٹو بشکریہ 9news
اس سال دنیا میں سب سے پہلے آئی فون خریدنے والے شخص بادشاہ بلبل / فوٹو بشکریہ 9news

خیال رہے کہ ایپل نے آئی فون 15، آئی فون 15 پلس، آئی فون 15 پرو اور آئی فون 15 پرو میکس، ایپل واچ 9 سیریز اور ایپل واچ الٹرا 2 متعارف کرائے تھے۔

آئی فون 15 سیریز کے ماڈلز دیکھنے میں کافی حد تک گزشتہ سال کے آئی فونز کی طرح ہی ہیں۔

سڈنی میں آئی فونز خریدنے والوں کا رش / فوٹو بشکریہ 9news
سڈنی میں آئی فونز خریدنے والوں کا رش / فوٹو بشکریہ 9news

مگر اس سال تمام آئی فونز کے ڈسپلے میں ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن موجود ہے جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز تک محدود تھا۔

آئی فون 15 اور آئی فون 15 پرو میں 6.1 انچ جبکہ آئی فون 15 پلس اور آئی فون 15 پرو میکس میں 6.7 انچ کا ڈسپلے دیا گیا ہے۔

آئی فون 15 اور 15 پلس میں اسکرین ریفریش ریٹ 60 ہرٹز ہے جبکہ پرو ماڈلز کے لیے 120 ہرٹز تک اڈاپٹو ریفریش ریٹ دیا گیا ہے۔

دبئی میں آئی فون 15 خریدنے کے لیے لمبی قطار لگی ہوئی ہے / فوٹو بشکریہ دی نیشنل
دبئی میں آئی فون 15 خریدنے کے لیے لمبی قطار لگی ہوئی ہے / فوٹو بشکریہ دی نیشنل

آئی فون 15 اور 15 پلس میں اے 16 بائیونک پراسیسر دیا گیا ہے جو گزشتہ سال آئی فون 14 پرو ماڈلز کا حصہ تھا۔

اس کے مقابلے میں آئی فون 15 پرو اور 15 پرو میکس اے 17 بائیونک پراسیسر سے لیس ہے۔

بیجنگ میں بھی نئے آئی فونز لینے والوں کا رش نظر آیا / فوٹو بشکریہ بلومبرگ
بیجنگ میں بھی نئے آئی فونز لینے والوں کا رش نظر آیا / فوٹو بشکریہ بلومبرگ

اس سال ایپل کی جانب سے آئی فون 15 سیریز کے تمام ماڈلز کے کیمرا سیٹ اپ کو اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

آئی فون 15 اور 15 پلس کے بیک پر 2 کیمروں کا سیٹ اپ موجود ہے۔

اس سیٹ اپ کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرا دیا گیا ہے۔

سنگاپور میں بھی کافی رش نظر آیا / فوٹو بشکریہ straitstimes
سنگاپور میں بھی کافی رش نظر آیا / فوٹو بشکریہ straitstimes

آئی فون 15 پرو میں گزشتہ سال کے آئی فون 14 پرو کی طرح 3 کیمروں کا ہی سیٹ اپ موجود ہے، مگر اسے اپ گریڈ کیا گیا ہے۔

آئی فون 15 پرو کا مین کیمرا 48 میگا پکسل کا ہے جس کے ساتھ 12.7 میگا پکسل ٹیلی فوٹو اور 13.4 میگا پکسل الٹرا وائیڈ کیمرے دیے گئے ہیں۔

آئی فون 15 پرو میکس کے مین اور الٹرا وائیڈ کیمرے تو آئی فون 15 پرو جیسے ہی ہیں مگر اس ڈیوائس کی خاص بات اس کا نیا ٹیلی فوٹو کیمرا ہے۔

چین کے شہر ہوانگزو کا منظر / اے ایف پی فوٹو
چین کے شہر ہوانگزو کا منظر / اے ایف پی فوٹو

12.7 میگا پکسل کا یہ ٹیلی فوٹو کیمرا پیری اسکوپ لینس سے لیس ہے جس سے صارفین 5x سے 10x آپٹیکل زوم کر سکیں گے۔

آئی فون 15 سیریز کے تمام فونز میں چارجنگ کے لیے یو ایس بی ٹائپ سی پورٹ دی گئی ہے ، جس کا مطالبہ صارفین کافی عرصے سے کر رہے ہیں۔

یہ 11 سال بعد پہلی بار ہے جب ایپل کی جانب سے آئی فونز میں ایسی تبدیلی کی گئی ہے۔

ایک اور ایپل اسٹور کا منظر / فوٹو بشکریہ بلومبرگ
ایک اور ایپل اسٹور کا منظر / فوٹو بشکریہ بلومبرگ

ایپل کی جانب سے اس سال پرو ماڈلز کے لیے سائیلنٹ سوئچ کی جگہ ایکشن بٹن کا اضافہ کیا گیا ہے جو متعدد کاموں کے لیے استعمال کیا جاسکے گا۔

آئی فون 15 سیریز کے پرو ماڈلز میں ریم کو 6 جی بی سے بڑھا کر 8 جی بی کر دیا گیا ہے جبکہ باقی دونوں ماڈلز میں 6 جی بی ریم دستیاب ہوگی۔

مزید خبریں :