Geo News
Geo News

Time 23 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

بھارت کے مشن چندریان 3 سے سگنل آنا بند ہوگئے

بھارت کے چاند پر بھیجےگئے مشن چندریان 3 سے سگنل آنا بند ہوگئے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی خلائی ایجنسی نے بتایا ہےکہ چندریان 3 سے کئی روز سے رابطےکی کوششیں کر رہے ہیں لیکن مشن سے ابھی تک کوئی سگنل نہیں ملا ہے۔

 بھارتی خلائی ایجنسی کے مطابق  چاندکے جنوبی قطب پر انتہائی شدید ٹھنڈ کے باعث بیٹریوں کو نقصان پہنچا ہے، امید ہےکہ بیٹریاں ری چارج ہونے کے بعد مشن دوبارہ سگنل بھیجنے لگےگا۔

 چندریان 3 اگست میں چاند کی جنوبی سطح پر اترا تھا، چندریان 3 مشن سے دو ہفتے تک ڈیٹا اور  تصاویر موصول ہوتی رہی تھیں۔

بھارتی خلائی ایجنسی نے 2 ستمبر کو اعلان کیا تھا چندریان 3 مشن کے روور  پرگیان کو سلیپ موڈ پر ڈال دیا گیا ہے، اگلے روز چندریان 3 کے لینڈر  وکرم کو بھی آئندہ 2 ہفتے کے لیے سلپ موڈ پر منتقل کر دیا گیا ۔

بھارتی خلائی ایجنسی نے بتایا تھا کہ سلیپ موڈ سے قبل لینڈر کے ڈیٹا کو زمین پر منتقل کر دیا گیا تھا اور اس کے بعد پے لوڈز کو سوئچ آف کر دیا گیا، البتہ لینڈر کے ریسیورز کام کرتے رہیں گے۔

بھارتی سائنسدانوں کو توقع تھی کہ یہ دونوں 22 ستمبر کو پھر 'بیدار' ہو جائیں گے۔

اگرچہ وکرم لینڈر اور پرگیان روور کو چاند پر 14 دن کی زندگی کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا مگر بھارتی سائنسدانوں کو توقع  تھی کہ چاند پر نئے دن کے آغاز کے ساتھ یہ دونوں پھر بیدار ہو سکیں گے، اگر ایسا نہ ہوا تو بھی یہ مشن بھارت کے قمری سفیر کے طور پر وہاں رہےگا۔

واضح رہے کہ  چاند کی ایک رات زمین کے 14 دن کے برابر ہوتی ہے،7 ستمبر کو جب چاند پر رات کا آغاز ہوا تو پرگیان روور اور وکرم لینڈر سورج کی روشنی سے محروم ہو گئے تھے، یہ دونوں ہی سولر پاور سے کام کرتے ہیں تو ان کے لیےکام جاری رکھنا ممکن نہیں تھا، اس لیے انہیں پہلے سے ہی سلیپ موڈ میں منتقل کردیا گیا۔

یہ بھی معلوم رہے کہ رات کے دوران چاند کی سطح کا درجہ حرارت منفی 133 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جاتا ہے۔

خیال رہے کہ چندریان 3 مشن 14 جولائی کو روانہ ہوا تھا جو لانچ کے بعد 10 دن تک زمین کے مدار میں موجود رہا اور 5 اگست کو کامیابی سے چاند کے مدار میں داخل ہونے کے بعد 23 اگست کو کامیابی سے چاند کے قطب جنوبی میں اتر گیا تھا۔

مشن کی کامیابی کے بعد بھارت چاند پر سافٹ لینڈنگ کرنے والا دنیا کا چوتھا ملک جب کہ چاند کے قطب جنوبی پر پہنچنے والا پہلا ملک بن گیا۔