Time 24 ستمبر ، 2023
سائنس و ٹیکنالوجی

امریکا میں انسانی جسم میں سورکا دل لگانےکا دوسرا کامیاب آپریشن

امریکا میں انسانی جسم  میں سور کا دل لگانےکا دوسرا  آپریشن کامیابی سے مکمل ہوگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق58 سال کا امریکی مریض آپریشن کے بعد تیزی سے صحت یاب ہو رہا ہے۔

آپریشن کراچی سے تعلق رکھنے  والے ڈاکٹر منصور محی الدین اور  ڈاکٹر گریفتھ نے کیا۔

ڈاکٹر منصور محی الدین انسانی جسم میں جانوروں کے اعضا کی پیوندکاری کے بڑے ماہر ہیں، وہ ڈاؤ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز سے گریجویٹ ہیں۔

اس سے قبل جنوری 2022 میں امریکا میں ہی ایک 57 سالہ مریض میں کامیابی سے جینیاتی طور پر تبدیل شدہ  سور کا دل لگایا گیا  تھا، امریکا سے تعلق رکھنے والے 57 سالہ ڈیوڈ بینیٹ دنیا کے پہلے انسان تھے جن میں جینیاتی طور پر تبدیل شدہ سور کا دل لگایا گیا تھا۔یہ کارنامہ اسرنجام دینے والوں میں بھی  ڈاکٹر منصور محی الدین شامل تھے۔

تاہم ڈیوڈ بینیٹ آپریشن کے 2 ماہ بعد انتقال کرگئے تھے۔

جیونیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر منصور نے کہا تھا کہ ’ابتدائی تجربات میں بندر کا دل لگایا جاتا تھا لیکن وہ مفید ثابت نہ ہوا البتہ  سور  پر تجربہ مفید رہا‘۔

انہوں نے کہا  تھا کہ ’ہم نے سارے جانوروں کا معائنہ کیا کہ کونسا جانور انسان کے قریب ہے، شروع میں بندروں کا دل لگایا گیا تو وہ اتنا مفید ثابت نہیں ہوا، چند مہینوں کے سور کا دل بڑے انسان کے دل کے برابر کے سائز پر آجاتا ہے، اس کے علاوہ بھی کچھ وجوہات ہیں جس بنا پر ہم نے تمام ریسرچ سور پرکی‘۔

انہوں نے مزید کہا تھا کہ ’جس مریض میں دل لگایا وہ بہت بیمار  تھا سوائے اس کے ہمارے پاس کوئی چارہ نہیں تھا، اس معاملے پر مریض اور  اس کے دل کو مسلسل مانیٹر کرنا پڑتا ہے، خیال رکھنا پڑتا ہےکہ ہم نے مریض کو نیا دل دیا ہے لیکن کیا باقی جسم بھی اس چیز کو قبول کرے گا۔‘

مزید خبریں :