24 ستمبر ، 2023
امریکا میں چوہوں کےکاٹنے سے 6 ماہ کا بچہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ پولیس نے لاپرواہی برتنے پر والدین اور بچے کی آنٹی کو گرفتار کر لیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ امریکی ریاست انڈیانا میں پیش آیا جہاں ایک شخص نے اپنے 6 ماہ کے بچے کو چوہوں کے کاٹنے سے شدید زخمی ہونے کی اطلاع پولیس کو دی۔
پولیس نے بتایا کہ کال موصول ہوتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور والد کی جانب سے بتایا گیا کہ بچہ سو رہا تھا کہ چوہوں نے اس پر حملہ کردیا جس سے وہ بری طرح زخمی ہوگیا۔
اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ جب وہ متعلقہ گھر پہنچے تو انہوں نے دیکھا کہ 6 ماہ کا بچہ خون میں لت پت پڑا ہے، چوہوں نے اس کے سر، چہرے اور جسم کے دیگر حصوں کو 50 سے زائد جگہوں سے کاٹا ہوا ہے جبکہ چاروں انگلیاں اور اس کے دائیں ہاتھ کے انگوٹھے کے اوپر سے گوشت بھی غائب تھا جس سے انگلیوں کی ہڈیاں نظر آرہی تھیں۔
پولیس نے بتایا کہ زخمی بچے کو اسپتال منتقل کر کے اس کا علاج کیا گیا اور بچہ خوش قسمتی سے بچ گیا جسے بچوں کی دیکھ بھال کرنے والی فلاحی ادارے کے حوالے کردیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق جس گھر میں بچے کو چوہوں نے کاٹ کر زخمی کیا وہ بہت زیادہ گندا تھا اور جگہ جگہ چوہے گھوم پھر رہے تھے۔
پولیس کے مطابق پولیس نے قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے والدین اور بچے کی خاتون رشتہ دار کو گرفتار کر کے معاملے کی تحقیقات شروع کر دیں۔