27 ستمبر ، 2023
پاکستان کرکٹ ٹیم آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈکپ کھیلنے بھارت پہنچ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کا طیارہ حیدرآباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرگیا ہے، پاکستانی ٹیم دبئی سے حیدرآباد دکن پہنچی ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں، 20 سے زائد سکیورٹی کی گاڑیاں ائیرپورٹ پر موجود ہیں جبکہ مختلف چینل سے پاکستان ٹیم کی بھارت پہنچنے کی لائیو کوریج بھی کی جا رہی ہے۔
ذرائع کے مطابق پاکستان ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ائیرپورٹ سے ہوٹل لےجایا جائے گا۔
واضح رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر ایک روز آرام کے بعد کے بعد قومی ٹیم اگلے دن ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی۔
واضح رہے کہ آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔