28 ستمبر ، 2023
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کرکٹ ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے بھارت پہنچنے کے بعد پاکستانی کھلاڑیوں نے بھارتی فینز کی جانب سے دیے جانے والے استقبال سےمتعلق اپنے فینز اور فالوور کیلئے سوشل میڈیا پر دلچسپ پیغامات جاری کردیے۔
کپتان بابر اعظم بھی بھارت پہنچنے پر متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکے، سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ حیدر آباد میں ملنے والی محبت اور سپورٹ سے حد سے زیادہ متاثر ہوا ہوں۔
محمد رضوان اور شاہین آفریدی بھی بھارت میں چند گھنٹوں کی میزبانی سے پرجوش ہیں۔
پاکستان کے اسٹار بولر شاہین شاہ آفریدی نے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر اسٹوری پر حیدرآباد بھارت کی پن لوکیشن ڈالتے ہوئے لکھا کہ اب تک بہت ہی شاندار استقبال کیا گیا ہے۔
شاہین آفریدی کی انسٹا اسٹوری کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے کرک کریزی جوہن نامی ایکس صارف نے شاہین کی اسٹوری کو بہت ہی خوبصورت بات قرار دیا۔
پاکستانی کرکٹر محمد رضوان نے اپنے فینز کیلئے جاری پیغام میں لکھا کہ یہاں کے لوگوں کی جانب سے حیرت انگیز استقبال کیا گیا ہے، ہر چیز بہت ہی شائستہ تھی۔
محمد رضوان نےمزید لکھا کہ اب اگلے ڈیڑھ ماہ پر نظریں ہیں۔
پاکستانی بیٹر امام الحق نے اپنے پیغام میں لکھا کہ الحمد اللہ، خیریت سے بھارت میں لینڈ کر لیا ہے۔
انہوں نے اپنے پرستاروں سے دعا کی درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ ہمیں اپنے دعاؤں میں یاد رکھیے گا۔
قومی کھلاڑی افتخار احمد نے بھی اپنےایکس اکاؤنٹ سے کرکٹ ورلڈ کپ 2023 اور انڈیا کے ہیش ٹیگ کے ساتھ وکٹری کا نشان بناکر ایک مختصر ویڈیو شیئر کی جس میں وہ خود بھی راجیو گاندھی انٹرنیشنل ائیر پورٹ سے باہر جاتے ہوئے وکٹری کا نشان بناتے ہوئے دکھائی دیتے ہیں۔
یاد رہے کہ بھارت میں کھیلے جانے والے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینز ورلڈ کپ میں شرکت کیلئے پاکستانی اسکواڈ دبئی کے راستے بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچ گیا ہے۔
ذرائع کاکہنا ہے کہ پاکستان ٹیم کی آمد کے موقع پر سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے تھے، 20 سے زائد سکیورٹی کی گاڑیاں ائیرپورٹ پر موجود تھیں جبکہ مختلف چینلز سے پاکستان ٹیم کی بھارت پہنچنے کی لائیو کوریج بھی کی جا رہی تھی۔
جیسے ہی پاکستان کرکٹ ٹیم ائیرپورٹ پہنچی تو وہاں موجو د حکام اور شائقین کی جانب سے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کا استقبال کیا گیا۔
اس موقع پر ائیرپورٹ پر موجود بھارتی شہری اور پاپارازی (فوٹوگرافرز) بابراعظم کو دیکھ کر بابر بھائی، بابر بھائی کے نعرے لگانے لگے۔
واضح رہے کہ بھارتی شہر حیدرآباد دکن پہنچنے پر ایک روز آرام کے بعد کے بعد قومی ٹیم اگلے دن ٹریننگ سیشن میں حصہ لے گی، پاکستان کرکٹ ٹیم 29 ستمبر کو نیوزی لینڈ کے خلاف اپنا پہلا وارم اپ میچ کھیلے گی۔
آئی سی سی ون ڈے ورلڈکپ اگلے ماہ اکتوبر میں بھارت میں کھیلا جائے گا، ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور فائنلسٹ نیوزی لینڈ کے درمیان احمد آباد میں ہوگا۔
پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ 6 اکتوبر کو نیدرلینڈز کے خلاف کھیلے گا۔