Time 03 اکتوبر ، 2023
پاکستان

عمران خان کیخلاف سائفرکیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں ہوگی: نوٹیفکیشن جاری

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

وفاقی وزارت قانون و انصاف نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی)  عمران خان کے خلاف سائفر کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنےکے حوالے سے این او  سی جاری کردیا۔

وزارت قانون کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہےکہ جب تک سکیورٹی اداروں کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں دی جاتی تب تک چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف سائفرکیس کا  جیل ٹرائل کرنے  پر  وزارت قانون کوکوئی اعتراض نہیں ہے۔

خیال رہےکہ آفیشل سیکرٹ ایکٹ خصوصی عدالت کے جج ابوالحسنات محمد ذوالقرنین کی جانب سے وزارت قانون و انصاف کو  ایک مراسلہ  تحریر کیا گیا تھا جس میں سائفرکیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں کرنے سے متعلق رائے طلب کی گئی تھی۔

سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی پیشی کے لیے عدالت نےگزشتہ روز سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل کو نوٹس جاری کیا تھا۔

دوسری جانب  تحریک انصاف نے جیل میں ٹرائل کا وزارت قانون کا نوٹیفکیشن مسترد کردیا ہے۔

ترجمان پی ٹی آئی کا کہنا ہےکہ نوٹیفکیشن فیئر ٹرائل کی خلاف ورزی ہے، سائفر مقدمہ خاص طرز  پر چلانےکی کوشش کی جا رہی ہے، چیئرمین اور  وائس چیئرمین کے خلاف مقدمےکی کھلی عدالت میں سماعت کی جائے۔

مزید خبریں :