Time 04 اکتوبر ، 2023
کھیل

روز حیدرآبادی بریانی کھا رہے ہیں شاید اس لیے سست ہورہے ہیں: شاداب خان

قومی ٹیم کے آل راؤنڈر شاداب خان نے  ورلڈ کپ وارم اپ میچ کے دوران خراب فیلڈنگ کے لیے مذاقاً 'حیدرآبادی بریانی' کو مورد الزام ٹھہرا دیا۔

پاکستان اپنا دوسرا وارم اپ میچ آسٹریلیا سے 14 رنز سے ہار گیا کیونکہ قومی ٹیم 352 رنز کا ہدف حاصل نہ کرسکی، پاکستان کو پہلے وارم اپ میچ میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں 5 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

منگل کو آسٹریلیا کے خلاف کھیل کے بعد بات کرتے ہوئے وارم اپ میچ کے کپتان شاداب خان نے ہرشا بھوگلے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم حیدرآباد میں اپنے وقت سے لطف اندوز ہورہی ہے۔

انہوں نے دونوں وارم اپ گیمز کے مثبت پہلوؤں پر بھی روشنی ڈالی۔

شاداب خان نے کہا نتیجہ اہم نہیں ہے، ہم نے بہت ساری مثبت چیزیں سیکھیں، ہمارا رویہ اچھا تھا نتیجہ ہمارے ہاتھ میں نہیں، جب آپ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلتے ہیں تو آپ کو اعتماد ملتا ہے، ہمیں حالات کا تھوڑا سا تجربہ ملا۔

ساتھ ہی جب ان سے حیدرآبادی بریانی کا سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا ہم وہ روز کھارہے ہیں، شاید اسی لیے فیلڈ پر تھوڑا سست روی کا شکار ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان ورلڈکپ میں اپنا پہلا میچ نیدرلینڈز کے خلاف جمعہ یعنی 6 اکتوبر کو کھیلے گا۔

مزید خبریں :