04 اکتوبر ، 2023
قومی ائیرلائنز (پی آئی اے) کی لاہور سے مدینہ منورہ کی پرواز پی کے747 پانچ گھنٹے سے زیادہ تاخیر کا شکار ہے اور پرواز کی روانگی کے انتظار میں طیارے کے فضائی عملےکا ڈیوٹی ٹائم ختم ہوگیا جس کے باعث مسافروں کو مزید انتظار کرنا ہوگا۔
خیال رہے کہ لاہور سے مدینہ پی آئی اے کی پرواز کو بدھ کی شام 6 بجے روانہ ہونا تھا تاہم پی ایس او کی جانب سے پی آئی اے کے طیارے کو تیل کی فراہمی سے انکار کی وجہ سے پرواز وقت پر روانہ نہ ہوسکی۔
5 گھنٹے بعد پی ایس او سے معاملات طے پاجانےکے بعد پرواز پی کے 747 سمیت پی آئی اے کے دیگر طیاروں کو ایندھن سپلائی شروع ہوگئی۔
یہ مسئلہ ختم ہوا تھا کہ دوسرا مسئلہ آن کھڑا ہوا کیونکہ 5 گھنٹے کی تاخیر میں طیارے کے فضائی عملےکا ڈیوٹی ٹائم ختم ہوگیا اور عملےکے افراد چلے گئے۔
پرواز روانہ نہ ہونے پر شدید گرمی اور حبس کی وجہ سے بچوں اور ضعیف مسافروں کی حالت خراب ہوگئی، پورے طیارے میں مسافروں کی چیخ پکار مچ گئی، طیارے کے ائیرکنڈیشن بند ہونے کے باعث شدید حبس اور گرمی کی وجہ سے ایک بیمار مسافر کی حالت خراب ہوگئی اور مسافروں کے شدید احتجاج پر پائلٹ نے ڈاکٹر کو طیارے پر طلب کر لیا۔
ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہےکہ لاہور مدینہ پرواز کے لیے پائلٹ اور دیگر فضائی عملے کا انتظام کیا جا رہا ہے، فضائی عملےکا جیسے ہی انتظام ہوگا مدینہ منورہ کے لیے پرواز کو روانہ کر دیا جائےگا۔