07 اکتوبر ، 2023
کرکٹ ورلڈ کپ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے، پہلے میچ میں افغانستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا جبکہ دورے میچ میں جنوبی افریقا اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔
دھرم شالہ میں آج کے پہلے میچ میں افغانستان کا مقابلہ بنگلادیش سے ہوگا، یہ میچ صبح دس بجے کھیلا جائے گا۔
افغانستان کی ٹیم کو اچھے اسپنرز کے سبب بنگلادیش پر کچھ برتری حاصل ہے تاہم بنگلادیش کے بیٹر مہدی حسن میراز عمدہ فارم میں ہیں، ورلڈ کپ کے دونوں وارم اپ میچز میں اُنہوں نے نصف سنچریاں اسکور کی تھیں۔
کپتان اور تجربہ کار شکیب الحسن بھی چل گئے تو بنگلادیش کی جیتنے کی اُمیدیں بڑھ جائیں گی اس کے علاوہ نجم الحسن شنٹو بھی اُن کے پاس ہیں۔
افغان بیٹرز رحمان اللہ گرُباز اور ابراہیم زادران کا بھی اس میچ میں کردار اہم ہوگا، دونوں ٹیموں نے دو مرتبہ ورلڈ کپ مقابلوں میں ایک دوسرے کا سامنا کیا ہے، ان دونوں میچز میں بنگلادیش کامیاب رہا۔
کرکٹ ورلڈ کپ میں آج کے دن کا دوسرا میچ جنوبی افریقا اور سری لنکا کے درمیان نئی دلی میں کھیلا جائے گا۔
نئی دلی کے گرم موسم میں جنوبی افریقا اور سری لنکا کے درمیان کھیلے جانے والے اس میچ میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ کو سری لنکن اسپنرز کے چیلنجز کا سامنا ہوگا۔
کہا جا رہا ہے کہ دلی کا موسم سری لنکن ٹیم کے حق میں جا سکتا ہے تاہم سری لنکن ٹیم کی بیٹنگ پر سوالیہ نشان ہے جبکہ اُن کی بولنگ بھی مہیش تھکشانا کی غیر موجودگی میں کمزور دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب جنوبی افریقا کی بیٹنگ اپنے جوبن پر ہے اور بھارت میں جس طرح کی پچز ہیں اُس پر اُن کے بیٹرز رنز کے انبار لگا سکتے ہیں البتہ بولنگ میں نورکیا اور سیساندا ماگالا کی غیر موجودگی سے فرق پڑے گا۔
ورلڈ کپ میں سری لنکا اور جنوبی افریقا کے درمیان چھ مقابلے ہوئے ہیں جس میں سے چار جنوبی افریقا نے جیتے ہیں جبکہ ایک میچ سری لنکا کے نام رہا ہے، ایک میچ ٹائی رہا۔