Time 07 اکتوبر ، 2023
کھیل

ورلڈکپ: جنوبی افریقا کے 429 رن کے ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کی ٹیم 326 پر آؤٹ

یہ میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی__فوٹو: ای ایس پی این
یہ میچ نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلا جارہا ہے جہاں جنوبی افریقا کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرے گی__فوٹو: ای ایس پی این

ورلڈکپ کے چوتھے میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 102 رن سے شکست دے دی۔

 نئی دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کے خلاف فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

جنوبی افریقا نے پہلے کھیلتے ہوئے سری لنکا کے خلاف رن کا پہاڑ کھڑا کردیا اور 429 رن کا ہدف دیا۔

 پروٹیز نے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹ کے نقصان پر 428 رن بنائے جوکہ ورلڈکپ کا سب سے بڑا ٹوٹل ہے۔اس سے قبل 2015 میں آسٹریلیا نے افغانستان کے خلاف 6 وکٹ پر 417 رنز بنائے تھے۔

جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ کپتان بووما کی صورت میں دس کے مجموعی اسکور پر گرگئی لیکن اُس کے بعد جنوبی افریقا کے بیٹر  نے حریف بولروں کی دل کھول کر پٹائی کی۔

 اوپنر کوئنٹن ڈی کوک نے 84 گیندوں پر پورے سو رن بنائے، اُنہوں نے دوسری وکٹ پر وین ڈر ڈیوسن کے ساتھ 204 رن کی شراکت قائم کی۔

 ڈیوسن نے بھی تین ہندسوں کی اننگز کھیلی، اُنہوں نے 108رن بنائے، ہینرک کلاس بیس گیندوں پر 32 رن بنا کر گئے تو ایڈن مرکرم نے ہاتھ کھولے، اُنہوں نے صرف 49 گیندوں پر ورلڈ کپ کی تیز ترین سنچری بنادی، اس اننگز میں اُنہوں نے 3 چھکے اور 14 چوکے لگائے، وہ 106 رن  بنا کر آؤٹ ہوئے، ڈیوڈ ملر نے 21گیندوں پر 39 رن اسکور کیے اور  جنوبی افریقا کا اسکور 5 وکٹ پر 428 رن تک پہنچادیا۔

سری لنکا کی جانب سے دلشن مدھوشنکا نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

429 رن  کے ہدف کے جواب میں سری لنکن بلے بازوں  نے بھی ہمت نہیں ہاری حالانکہ دونوں اوپنر  پتھم اور نسانکا صفر  اور 7 رن  پر پویلین لوٹ گئے تھے،کوشل مینڈس نے 42 گیندوں پر 8  چھکوں اور چار چوکوں کی مدد سے 76 رن اسکور کیے، پھر چریتھ اسالانکا نے 79 رن کی اننگز کھیلی۔

اُس کے بعد کپتان داسن شناکا نے 68 رن بنا کر ٹیم کو وننگ ٹریک پرلانے کی کوشش کی، نویں نمبر پر آنے والے راجیتھا نے بھی 33 رن بنائے۔

سری لنکا کی ٹیم 45 ویں اوور میں 326 رن بنا کر 102 رن سے میچ ہار گئی۔

جنوبی افریقا کی جانب سے گریلڈ کوئیڈزی نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، مارکو جانسن اور کگیسو ربادا نے 2 ،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

بہترین بلے بازی پر ایڈن مرکرم کو میچ آف دی میچ قرار دیا گیا۔

میچ میں کئی ریکارڈ بنے

میچ میں دونوں ٹیموں کا مجموعی اسکور 754 رن رہا، جنوبی افریقا نے 428 اور سری لنکا نے 326 رن بنائے، یہ کسی بھی ورلڈکپ میچ کا سب سے بڑا میچ اسکور ہے، اس سے قبل 2019 میں آسٹریلیا اور بنگلادیش کے میچ میں 714 رن بنے تھے۔

پہلی بار کسی ورلڈ کپ میچ میں چوکوں اور چھکوں کی سنچری مکمل ہوئی، دونوں ٹیموں نے مجموعی طور پر 31 چھکے اور 74 چوکے لگائے،میچ میں مجموعی طور پر 482 رن چوکوں اور  چھکوں کی مدد سے  بنائےگئے، یہ کسی بھی ورلڈکپ میچ میں باؤنڈریوں سے اسکور ہونے والے سب سے زیادہ رن ہیں۔

ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی بار ایک اننگز میں تین سنچریاں بنائی گئیں۔

سری لنکا کے خلاف کوئنٹن ڈی کک، رسی وین ڈرڈسن اور  ایڈن مرکرم نے سنچریاں اسکور کیں۔

واضح رہےکہ کرکٹ ورلڈکپ میں اس سے قبل 18 بار اننگز میں دو سنچریاں بنائی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ون ڈے کرکٹ کی تاریخ میں چوتھی مرتبہ ایک اننگ میں تین سنچریاں بنی ہیں، چار میں سے تین مرتبہ یہ کارنامہ جنوبی افریقا اور ایک مرتبہ انگلینڈ نے سرانجام دیا ہے۔

ایڈن مرکرم ورلڈکپ کی تیز ترین سنری اسکورکی، انہوں نے 49 گیندوں پر 100 رن مکمل کیے۔

مزید خبریں :