10 اکتوبر ، 2023
اسرائیل نے غزہ کے بعد حملوں کا دائرہ لبنان تک بڑھا دیا۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق پیر کے روز اسرائیل کی جانب سے جنوبی لنبان پر حملے میں لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ کے 3ارکان جاں بحق ہوگئے۔
حزب اللہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پیر کی سہ پہر جنوبی لبنان پر اسرائیل کی جارحیت میں اس کے تین فائٹر مارے گئے۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے بھی اسرائیلی فوجیوں کی چیک پوسٹوں پرگائیڈڈ میزائلوں سے جوابی حملے کیے ہیں جس میں 2 اسرائیلی فوجیوں کے ہلاک ہونے کی اطلاعات ہیں۔
بعد ازاں لبنانی میڈیا نے تصدیق کی کہ لبنان کی سرحد پر حزب اللہ سے لڑائی میں 2 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے ہیں۔
اس کے علاوہ حزب اللہ نے پیر کے روز ایک بیان میں کہا کہ اس نے اسرائیلی علاقے گیلیلی میں دو اسرائیلی فوجی چوکیوں پر راکٹ اور مارٹر فائر کیے ہیں۔
واضح رہے کہ ایران کی حمایت یافتہ حزب اللہ اور اسرائیل نے 2006 میں ایک مہینہ طویل جنگ لڑی تھی۔
دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ میں فضائی حملوں کا سلسلہ جاری ہے جس میں اب تک 687 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ میں شہید فلسطینیوں میں 140 بچے اور 105 خواتین بھی شامل ہیں،غزہ میں اسرائیلی حملوں سے 3 ہزار 726 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
حماس کے مزاحمت کاروں اور اسرائیلی فورسز کی جھڑپیں تیسرے روز بھی جاری ہیں، اسرائیل پر حماس کے حملوں میں ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 1100 ہوگئی۔