خیبر پختونخوا کے بعد سندھ میں بھی ایم ڈی کیٹ دوبارہ کرانےکا اعلان

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

خیبر پختونخوا (کے پی)  اور  سندھ میں میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے ٹیسٹ (ایم ڈی کیٹ) دوبارہ  لیے جائیں گے۔

نگران  وزیر اعلیٰ سندھ  جسٹس ریٹائرڈ مقبول باقر نے ایم ڈی کیٹ 2023 کے سندھ کے نتائج منسوخ کرنےکی ہدایت کردی ہے۔

ترجمان کے مطابق نگران وزیراعلیٰ سندھ نے صوبے میں ایم ڈی کیٹ دوبارہ کروانے اور ڈاؤ  یونیورسٹی کو ایم ڈی کیٹ منعقد کرنےکی ہدایت کی ہے۔

نگران وزیراعلیٰ سندھ نے ایف آئی اے کو ٹیسٹ میں بےضابطگیوں کی انکوائری کرنےکی ہدایت بھی کی ہے ، نگران  وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا ہےکہ ایم ڈی کیٹ دوبارہ منعقد کرانے کی تاریخ کا اعلان جلدکیا جائےگا۔

خیال رہےکہ گزشتہ روز  پشاور ہائی کورٹ نے ایم ڈی کیٹ کے انعقاد سے متعلق محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے میڈیکل کالجوں میں داخلوں کے لیے ٹیسٹ میں نقل کے  واقعات کے معاملے  پر  صوبائی حکومت کی جانب سے 6  ہفتوں میں ٹیسٹ دوبارہ کرانےکا فیصلہ برقرار  رکھا تھا۔ 

پشاور ہائی کورٹ نے چند روز قبل دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

 تحریری فیصلے میں کہا گیاکہ جے آئی ٹی نے بڑے پیمانے پر نقل کو بے نقاب کیا، جے آئی ٹی رپورٹ کے بعد حکومت نے دوبارہ ٹیسٹ کرانےکا فیصلہ کیا ہے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد  معاملے  میں مداخلت نہیں کرتے۔

عدالت نے حکم دیا کہ کابینہ کے فیصلہ کے مطابق 6 ہفتوں کے اندر شفاف ٹیسٹ کا انعقاد یقینی بنایا جائے۔

مزید خبریں :