Geo News
Geo News

Time 12 اکتوبر ، 2023
پاکستان

سارے تجربے فیل ہوگئے، ایک ہی تجربہ کامیاب رہا اور وہ ہے نوازشریف: مریم نواز

نوازشریف عوام کو مشکلات سے نکلنے کا حل بتانے کیلئے آ رہے ہیں: رہنما مسلم لیگ ن— فوٹو: فائل
نوازشریف عوام کو مشکلات سے نکلنے کا حل بتانے کیلئے آ رہے ہیں: رہنما مسلم لیگ ن— فوٹو: فائل

پاکستان مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے کہا ہے کہ سارے تجربے فیل ہوگئے، ایک ہی تجربہ کامیاب رہا اور وہ ہے نوازشریف۔

لاہور میں این اے 128 اور 129 کے بلدیاتی نمائندوں اور کارکنوں سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ نوازشریف عوام کو مشکلات سے نکلنے کا حل بتانے کیلئے آ رہے ہیں۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ 2024 سے 2029 تک پاکستان کو معاشی طور پر ناقابل تسخیر بنائیں گے۔

ن لیگ کے رہنما طلال چوہدری نے جیونیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 21 اکتوبر کو پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا سیاسی اجتماع ہوگا مینار پاکستان کی جگہ کم پڑ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ کا کارکردگی میں کسی دوسری جماعت سے کوئی موازنہ ہی نہیں، لوگوں کے اگر ہم سے کچھ سوالات ہیں تو اس کا جواب دینے کیلئے ہم تیار ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ 16 مہینے کی حکومت صرف ن لیگ کی حکومت نہیں تھی، 14 جماعتوں کی تھی اور ایسے معاشی حالات ملے تھے کہ 16 ماہ میں ٹھیک نہیں ہوسکتے تھے۔

طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی ناممکن کو ممکن بنایا ہے، اب بھی ایسا ہی کریں گے۔

خیال رہے کہ قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کی وطن واپسی کا سفر شروع ہو چکا ہے اور وہ لندن سے سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

سعودی عرب میں اپنے قیام کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف عمرہ  اور روضہ رسول ﷺ پر حاضری کی سعادت حاصل کریں گے، اس کے علاوہ وہ سعودی عرب کی اہم شخصیات سے بھی ملاقاتیں کریں گے۔

سعودی عرب کے بعد نواز شریف دبئی پہنچیں گے جہاں کچھ روز قیام کے بعد 21 اکتوبر کو پاکستان پہنچ کر مینار پاکستان پر مسلم لیگ ن کے جلسے میں کارکنان سے خطاب کریں گے۔